’ اگر اس کے ساتھ سائیکل اور بکری چور والا سلوک نہ کیا تو پھر ۔۔۔‘شوگر مل کا مالک گرفتار، کسانوں نے پولیس کو دھمکی دے دی

’ اگر اس کے ساتھ سائیکل اور بکری چور والا سلوک نہ کیا تو پھر ۔۔۔‘شوگر مل کا ...
’ اگر اس کے ساتھ سائیکل اور بکری چور والا سلوک نہ کیا تو پھر ۔۔۔‘شوگر مل کا مالک گرفتار، کسانوں نے پولیس کو دھمکی دے دی

  



قصور (ڈیلی پاکستان آن لائن) برادرز شوگر ملز چونیاں کے مالک حاجی نشاط کو کسانوں کو عدم ادائیگی کی بنا پر عدالت عالیہ کے حکم پر گرفتار کرلیا گیا ہے، کسانوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر حاجی نشاط کے ساتھ سائیکل اور بکری چور والا سلوک نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

برادرز شوگر ملز کے مالک حاجی نشاط نے کاشتکاروں کو 2015-15 کے سیزن کے 678.90 ملین روپے ادا کرنے ہیں۔ عدالت کے حکم پر حاجی نشاط نے ڈپٹی کمشنر قصور کو گارنٹی کے طور پر چیک جمع کرایا تھا جو بوگس ثابت ہوا۔ عدالت نے بوگس چیک دے کر عدالتی حکم کی نافرمانی کرنے والے حاجی نشاط کی گرفتاری کا حکم دیا، گرفتاری کا حکم آتے ہی برادرز شوگر ملز کا مالک فرار ہوگیا تھا جسے بدھ کے روز گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کی جانب سے گرفتاری کے بعد حاجی نشاط کو وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا جس کی خبر کسانوں کو بھی ہوگئی۔ کسان اتحاد قصور کے صدر چوہدری تبسم بھلر نے حاجی نشاط کو ملنے والے وی آئی پی پروٹوکول پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور کہاکہ پولیس کسانوں کے کروڑوں روپے ہڑپ کرنے والے کے ساتھ وہی سلوک کرے جو ایک عام سائیکل یا بکری چور کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ تبسم بھلر نے کہا کہ اگر پولیس نے حاجی نشاط کے ساتھ عام قیدیوں والا سلوک نہ کیا تو جمعرات کو تحصیل چونیاں میں بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /قصور