12واں میر پنجابی میلہ،ادبی شخصیات کو ایوارڈ سے نواز ا گیا

12واں میر پنجابی میلہ،ادبی شخصیات کو ایوارڈ سے نواز ا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(سٹی رپورٹر)پروفیسر علی ارشد میر فاؤنڈیشن اور پنجاب آرٹس کونسل کے تعاون سے 12ویں میر پنجابی میلہ کا اہتما م کیا گیاجس میں پنجابی ادب کی مختلف اصناف کتب کو ”علی ارشد میر ایوارڈ “سے نوازا گیا۔ پنجابی نثری ادب کے لئے فوزیہ رفیق کی کتاب کا انتخاب کیا گیا۔تحقیق کے شعبہ میں ڈاکٹر سعید بھٹہ جبکہ پنجابی تراجم کی صنف میں حمید رازی کی کتب کا نام سامنے آیا۔ پنجابی شاعری نظم  کے لیے عاصم پڈھیار اور غزل کے لئے  ظفر اعوان کی کتب کا انتخاب کیا گیا۔ بچوں کے ادب کے لئے پنجابی شاعری میں عبدالکریم قدسی اور نثر کے لئے ڈاکٹرفضیلت بانوکو ایوارڈ دئیے گئے۔ دینی ادب کے شعبہ میں محبوب سرمد کے حمدیہ مجموعہ کا انتخاب کیا گیا۔

 مرحوم علیم شکیل کو پنجابی ادب کے لیے خدمات پیش کرنے پر خصوصی علی ارشد میر سیوک ایوارڈ دیا گیا  دو روزہ میر پنجابی میلہ میں ثقافت اور ادب کے حوالے سے مختلف سیشنز منعقد ہوئے جن میں عمار کاظمی، الیاس گھمن، سعید بھٹہ،عفت عاشق، اعجاز، اختر خان، عاصم اسلم اور ریاض دانشور نے سیر حاصل گفتگو کی۔

 فاروق ندیم، اعظم ملک اور پروفیسر ڈاکٹر سرمدفروغ ارشد نے میزبانی کے فرائض سر انجام دئیے۔ معروف پنجابی مصنف اوردانشورکرنل نادر علی اور شاعر ایزد عزیز کی  وفات کی اچانک خبر سن کر حاضرین نے اپنی نشستوں سے کھڑ ے ہوکر اظہار افسوس کیا اور خاموشی اختیار کی۔ندیم عباس اور ترنجن ناٹک منڈلی نے صوفی رقص اور علی ارشد میر کی شاعری کو ڈرامائی انداز میں پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔ علاوہ ازیں کْل پنجاب مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت مسعود اوکاڑوی نے کی۔ مشاعرہ میں صابر علی صابر، اعظم ملک،  طاہرہ سرا، صغیر احمد صغیر، صفیہ حیات، صائمہ الماس،احمد نعیم ارشد،  ارشد منظور، مشتاق قمر،اقبال درویش، علی جوشا اور پروفیسر ڈاکٹر سرمدفروغ ارشد جیسے نامور شعرا اور شاعرات نے اپنی شاعری کے ذریعے علی ارشد میر کی شعری روایت کو زندہ کیا۔ آخرمیں توحید احمد انس،کالے خاں بھاگ، نعمان، ارشد علی، بلال رجب اور میمونہ ساجد نے پروفیسر علی ارشد میر کیکلام  کو سْنا کر سامعین سے بھرپور داد وصول کی۔