ستاروں سیاروں اور برجوں کی روشنی میں 

ستاروں سیاروں اور برجوں کی روشنی میں 

  

2021ء آپ کی معاشی معاشرتی اور خانگی زندگی پر کیا اثرات مرتب کرے گا....؟ 

شیخ طارق اقبال علم نجوم کی بنیاد پر سال نوکے متعلق پیش گوئیاں کرتے ہیں 

برج حمل

2020ء کا سال ایک آزمائش سے کم نہ تھا۔ اس میں آپ نے بے شمار مشکلات برداشت کی اور مالی طور پر آپ کو شدید نقصان کا سامنا  بھی رہا۔ اس کی وجہ دسمبر 2019ء کے آخر میں تقریباً 100 سال کے بعد سات ستاروں کا ملاپ تھا۔ یہ جب جب بھی ہوا بڑے بڑے سانچے واقع ہوئے اور اس کے اثرات تقریباً ایک سے دو سال کے درمیان رہنے ہیں۔ اب بھی کافی حد تک اس کے اثرات چل رہے ہیں مگر اس کے ساتھ یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ 15 جنوری 2021ء میں ایک مرتبہ پھر چھ ستاروں کا ملاپ ہو رہا ہے۔ سات چونکہ بہت خطرناک ملاپ تھا۔ مگر چھ ستاروں کا ملاپ بھی کئی قسم کے اثرات تبدیلیاں اور آزمائش و پریشانیوں کو ظاہر کر رہا ہے اس لئے 2021ء کے بارے میں مزید لکھنے سے پہلے آپ کو یہ بات بتانا ضروری ہے کہ آپ اس سال کثرت سے ذکر الٰہی درود شریف اور حسب توفیق ملاقات جاری رکھیں گے تو ہی ان معاملات سے بچ کر چلیں گے۔ ورنہ آپ کو بڑی پریشانیوں کا سامنا رہے گا اور اس کے اصل اثرات تو مارچ کے آخر میں نمایاں ہونا شروع ہوں گے۔ حمل والے پہلے ہی اپنے مالی معاملات کو لے کر بہت پریشان چلے آ رہے تھے اب ان کو بے حد محنت اور لگن سے چلنا ہوگا۔ صرف رزق حلال کے حصول کے لئے کوشش کریں گے تو کامیابی ملے گی ورنہ نا جائز آمدن میں تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ اس لئے اب خود کو تیار کر لیں کہ صرف محنت کرنی ہے۔ اپنا کام کرنے والے شراکت داری سے دور رہیں اور کسی کے ساتھ ملکر کسی صورت بھی سرمایہ کاری نہ کریں ورنہ وہ رقم تو ڈوب جائے گی۔ البتہ اپنا کام چاہے کس قدر چھوٹا ہی کیوں نہ ہوں صرف اس میں محنت اسی کام کو انشاء اللہ چار چاند لگا دے گی اور جن کو 2020ء میں نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے تھے اب اللہ نے چاہا تو اس سے کئی زیادہ بہتر سلسلے بن جائیں گے اس بات کو ضرور یاد رکھیں کہ ہر شہر میں خیر ہوتی ہے آپ کے لئے وہ سلسلہ ختم ہونے کا مطلب ہی یہی تھا کہ ان شاء اللہ آپ کے نصیب میں اللہ پاک نے بڑی شاندار بہتری دیکھی ہو گی۔ اور آپ چاہے کس قدر قرض وغیرہ میں ہی مبتلا کیوں نہ ہوں مکھن میں بال کی طرح سے اس میں سے نکل آئیں گے پورا سال مالی معاملات کو دن بدن بحکم اللہ بہتر بنانے میں غیر متوقع انداز سے اثر انداز اور مدد گار ہوتا رہے گا۔ آپ اگر محسوس کر رہے تھے کہ کسی بندش یا جادو ٹونے وغیرہ میں مبتلا تھے۔ تو اس میں سے سال کے شروع میں ہی نکلنے میں کامیاب ہوں گے۔ بس دماغ پر ایک عجیب سا بوجھ پورے سال محسوس کئے جانے کے امکانات بھی ہیں۔ اس لئے اپنے غصے کو ٹھنڈا رکھیں اور معاف کرنے اور معافی مانگنے کے عمل پر غور بھی کرتے رہیں۔ اس طرح آپ ان رشتوں کو بچا سکیں گے جو خونی میں اگر اس سال درمیان میں جا کر آپ نے ان رشتوں کو نہ سنبھالا تو پھر شاید برسوں لگ جائیں گے دوبارہ ملنے میں اور جو لوگ جائیداد کے جھگڑوں میں مبتلا ہیں ان کا فیصلہ بھی اسی سال میں ہو جائے گا اور خاص طور پر وراثتی امور حل ہوں گے۔ اپنا حق ضرور مانگیں مگر کسی کے حق پر ڈاکہ ہرگز مت ڈالیں ورنہ لینے کے دینے فوری طور پر ہی پڑ جائیں گے۔ اس سال کا عدد تو پانچ ہے مگر صرف 21 کی بھی بڑی اہمیت ہے یعنی اس کا تین بھی بنتا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایک ہی وقت میں آپ بادشاہ بھی ہیں اور دورسرے ہی وقت میں فقیر بھی حق اور انصاف کے ساتھ چلیں گے تو بادشاہ ہی رہیں گے۔ آگے آپ خود سمجھدار ہیں۔ صاحب اولاد کو بڑے ہی محتاط انداز سے چلنا ہے۔ اللہ پاک نے ان کے نصیب لکھ کر فیصلے کا اختیار آپ کو دے دیا ہے اب اسی اللہ کی مدد سے یعنی استخارے وغیرہ کے ذریعے ان کے نصیب کے فیصلے کرنے زیادہ بہتر ثابتہ وں گے۔ مگر ان کو بڑے پیار کے ساتھ ہی ساتھ لے کر چلنا ہے۔ غصہ سے فیصلے کمزور اور بچوں کو آپ کے خلاف کر دیں گے۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بیمار چلے آ رہے تھے اب ان شاء اللہ تقریباً تمام بیماریوں سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ نماز کی پابندی اور باوضو رہنے کی عادت اس میں اہم رول ادا کرے گی۔ آپ کو سال کے شروع میں اگر پیسے ملیں تو پرائز بانڈ کی خریداری کا مشورہ ہے۔ لگتا تو ہے کہ ان شاء اللہ کوئی بہت بڑی رقم ہاتھ میں آ جائے گی مگر یہ طریقہ جائز ہے۔ ناجائز کے قریب بھی نہیں جانا۔ خواہشمند افراد کی شادی ہونے کی امید ہے بعض کی من پسند جگہ پر ہی بات بن جائے گی۔ مگر ضد نہیں کرنی اللہ پاک سے دعا کرنیہ ے کہ جو میرے حق میں بہتر ہے صرف وہ فیصلہ کر دے تو شاید وہ بھی آپ کو مل جائے جس کی تمنا تھی ملازمت پیشہ افراد کی ترقی اور من پسند جگہ تبادلے کا امکان ہے مگر بعض سرکاری ملازمین اپنی مدت ریٹائر پوری ہونے سے پہلے ہی ریٹائر ہونے کا فیصلہ بھیک ر لیں گے اور بیرون ملک بسنے والے اب وطن واپس آ جائیں گے۔ نئی پراپرٹی و مکان وغیرہ کی تبدیلی کا بھی امکان ہے آپ کثرت سے درود شریف کا سارا دن ورد کیا کریں اور 1000 مرتبہ اللہ بھی ضرور پڑھا کریں تاکہ ساری پریشانیاں دور رہیں یہ حساب میرے نزدیک ٹھیک ہے مگر ساری حقیقت اور تقدیر کا مالک صرف میرا اللہ ہی ہے۔

برج ثور سیارہ زہرہ

2021ء کا ذکر کرنے سے پہلے 2020ء کی بات ہونا ضروری ہے اس لئے کہ جب 2019ء کا اختتام ہوا تھا تو دسمبر کے آخر میں تقریباً 100 سالوں کے بعد سات ستاروں کا ملاپ ہوا تھا جس کا ذکر 2020ء کی پیش گوئیوں میں کیا گیا تھا۔ یہ ملاپ کتنا خطراک ثابت ہوا تھا اس کا اندازہ تو آپ کو ہو ہی گیا ہوگا مگر اس کے اثرات ابھی تک ختم نہیں ہوئے۔ یہ چھ ماہ مزید چلیں گے ابھی ہم نے جون تک بے حد محتاط چلنا ہے اور 2021ء کا ذکر شروع ہوتے ہی یہ خبر بھی دینا لازمی ہے کہ 15 جنوری کو اب چھ ستاروں کا ملاپ ہوگا۔ جس کے اثرات ہم کو مارچ کے آخر یا اپریل کے شروع میں محسوس ہونا شروع ہوں گے۔ اس اثرات میں بھی ہم کو ایک آزمائشی وقت سے گزرنا ہے اور اس بات کو اپنے دل و دماغ میں بٹھا لیں کہ اگر ہم نے اپنے نفس کو نہ مارا۔ اللہ پاک کی رضا کے خلاف کوئی کام کیا اور اللہ پاک کے ذکر سے دور رہے تو پھر ہم خود پریشانیوں اور مشکلات کو دعوت دیں گے تو حقیقت یہ ہی ہے کہ 2021ء میں ہر قسم کی آفات سے بچنے کے لئے ہمیں خود کو بدلنا پڑے گا سچے دل سے توبہ کر کے سیدھے راستے پر چلنا ہوگا۔ ایسا ہوا تو پھر سال میں کئی مواقع ان شاء اللہ ایسے بھی نصیب ہوں گے جب ہم کو ایک ہی پل میں بہت کچھ بھی مل سکتا ہے اور چھوٹی سی کوشش بڑی بڑی کامیابیاں بھی دلانے میں بحکم اللہ مدد گار ہوں گی۔ اس سال کی سب سے بڑی احتیاط تو صحت کا خاص خیال رکھنا ہو گی۔ کیونکہ آپ کا خون بہت ہلکا ہے۔ آپ بہت جلد بدنظری کا شکار ہو جاتے ہیں اس کے اثرات سب سے پہلے تو آپ کی صحت پر پڑتے ہیں پھر دوسرے معاملات خراب ہوتے ہیں۔ اس لئے صحت کا صدقہ بھی دیتے رہنا ہے اور اس کا خاص خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔ ہر ہفتے ایک بار اپنی نظر اتارنا بھی محمول میں شامل کرنا ہوگا۔ جو لوگ 2020ء میں روزگار کی وجہ سے پریشان ہوئے تھے۔ اب ان کے لئے بڑی بڑی اچھی خبریں ہیں۔ لیکن روز گار کے معاملے میں اپنے مزاج کو بار بار نہیں بدلنا کیونکہ  15 جنوری کو جو چھ ستاروں کا ملاپ ہوگا وہ کئی معاملات میں پریشانیاں لا سکتا ہے۔ آپ کو اپنے روز گار کو اللہ پاک کا نام لے کر مستقل کرنا ہوگا کہ اگر اللہ نہ کرے ستاروں کے نحوس اثرات بھی آئیں تو روز گار کا سلسلہ مسلسل اچھے انداز سے چلتا رہے اور اس کے اسباب کو سال کے شروع میں ہی ان شاء اللہ مل جائیں گے۔ پھر اپریل میں جون میں ستمبر اکتوبر دسمبر ان تمام ماہ میں آپ کو شاندار انداز سے آفر بھی ملیں گی اور امید ہے کہ آپ ان کا بھرپور فائدہ بھی اٹھا سکیں گے۔ قرض سے ان شاء اللہ نجات ملے گی اور اب اچھی خاصی رقم بھی اچھے برے وقت کے لئے ان شاء اللہ آپ کے پاس محفوظ رہے گی اللہ بہت بڑا ہے وہ آپ کے لئے اتنی آسانیاں پیدا فرما دے گا کہ بے ساختہ شکر ادا کرنے پر مجبور ہوں گے لیکن یاد رہے کہ نمائش نہیں کرنی اگر ایسا ہوا تو پھر مشکل میں پڑ جائیں گے۔ گھر کی تبدیلی کے مواقع سامنے آئیں گے۔ خاص طور پر سال کے درمیان میں جوائنٹ فیملی والے الگ گھر کے بارے میں آسانیاں حاصل کریں گے اللہ کاروباری حضرات کے لئے یہ مشورہ ہے کہ وہ اس سال اس کو تبدیل نہ کریں اللہ پاک نے چاہا تو اس میں آہستہ آہستہ بہتری آ جائے گی۔ تبدیلی کی تو پھر بیرون حالات کی وجہ سے آپ مشکل میں آ سکتے ہیں اور اس کے برے اثرات کو واضع محسوس کریں گے۔ جتنا سرمایہ ہو اس کو فی الحال سنبھال کر رکھیں اولاد کے حوالے سے اچھی خبر ہے مگر اب اولاد سے دوستی کرنے کا وقت ہے۔ سختی سے آپ ان کو کبھی بھی کسی حوالے سے بھی قائل نہیں کر سکیں گے جو خوشی اولاد کی ہے اس کو اپنی بنا لیں گے تو امید ہے کہ رزلٹ مختلف اور آپ کے حق میں شاندار ہی ہوگا۔ اس سال میں سب سے اہم بات یہ بھی ہو سکتی ہے کہ آپ نے اپنے مزاج اور غصے کو ٹھنڈا رکھ کر اپنوں سے دوری جھگڑے اور اکیلے پن کو ختم کرنے میں خود کی مدد کرنی ہے۔ ایسا نہ ہوا تو پورا سال ہی اس مشکل اور ٹینشن میں وقت گزرے گا کہ کسی نے کیا کہا ہے اور کیوں کہا ہے۔ اور پھر زبان بندی نہ ہوئی تو اپنے آپ سے دور ہوں گے اور برسوں کے لئے بھی ہو سکتے ہیں۔ دوسری اہم بات وراثت کے امور کی بھی ہے۔ اس میں برسوں سے انتظار میں بیٹھے ہوئے لوگ اب بہت کچھ حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ ملازمت پیشہ افراد زیادہ تر اپنے وقت سے پہلے ریٹائر ہونے کا پروگرام بنا لیں گے اور اکثر اب صحت کی وجہ سے کئی ایسے کام چھوڑ دیں گے جو ان کے لئے بے حد اہم ہیں۔ من پسند جگہ رشتہ طے ہونے اور شادی کے امکانات بھی روشن ہیں۔ جادو ٹونہ بندش وغیرہ کے اثرات اب بالکل ختم ہیں۔ اس سال وہ آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ نئی گاڑی کا حصول ممکن ہو سکے گا اور برسوں پرانے دوست الگ ہو جائیں گے زندگی کا رخ کئی انداز سے بدلے گا آپ بالکل بھی پہلے جیسے نہیں رہیں گے۔ ممکن ہے کہ تیزی سے خود ہی مذہب کی جانب جائیں اور اللہ پاک آپ کی زندگی کو روحانی انداز میں گزارنے کے حکم نامے کو جاری فرما دیں۔ ہدایت مل گئی تو سب کچھ مل جائے گا۔ آپ نماز کی پابندی کریں۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد اور صبح و شام کم سے کم 500 بار درود شریف پڑھنا سب کاموں میں برکتوں اور رحمتوں کا حصول بن سکتا ہے۔ یہ حساب میرے نزدیک ٹھیک ہے لیکن نصیب اور حقیقت صرف اللہ پاک کی ذات مبارک ہی جانتی ہے۔

برج جوزہ

برج جوزا والوں کے لئے 2020ء ایک بہت بڑی آزمائش والا سال گزرا ہے اور یہ کس طرح گزرا ہے یہ صرف یہ لوگ ہی اندازہ کر سکتے ہیں۔ 2020ء کے اشاعت خاص میں پیشن گوئیاں کرتے ہوئے یہ بتا دیا گیا تھا کہ پورے سو سالوں کے بعد زائچے میں سات ستاروں کا ملاپ ہو گیا ہے اور اس کے اثرات بڑی دیر تک محسوس کئے جائیں گے۔ ابھی اس کے اثرات ختم نہیں ہوئے تھے کہ پھر 15 جنوری 2021ء کو چھ ستاروں کا ملاپ ہونے جا رہا ہے۔ اس لئے خود کو پہلے سے تیار کر لینا بے حد ضروری ہوگا۔ اس میں پہلے جیسی صورتحال تو بالکل نہیں ہو گی مگر پھر بھی قدرے آزمائش میں چلنا ہوگا۔ ملاقات، ذکر الٰہی، نماز کی پابندی اور ناجائز قسم کے رزق سے دوری ان شاء اللہ ان کے نحوست والے اثرات کو محفوظ رکھنے میں بڑی مدد گار ثابت ہو گی اور یہ سب آپ پر ہے کہ آپ اب کس طرح چلتے ہیں۔ جنوری کے ابتداء سے صحت پر خاص نظر رکھنے کا مشورہ ہے کیونکہ پورا سال کبھی جسم کے کسی حصے میں خرابی کرے گا کبھی کسی حصے میں تو اس کے لئے آپ کو اپنی نظر ہر چند دنوں کے بعد اترتے رہنے کا مشورہ ہے اور ساتھ ہی حسب توفیق صدقہ راشن کی صورت میں دنیا بے حد ضروری رہے گا تاکہ آپ کے لئے یہ دن نکالنے آسان ہوں۔ اپنی صحت کے ساتھ ساتھ آپ نے اپنے گھر والوں کی صحت کا بھی خاص خیال رکھنا ہوگا اور گھر کا اہم فرد ہونے کی وجہ سے گھر کے ہر چھوٹے بڑے معاملے پر بھی نظر رکھ کر چلنا ہوگا۔ لاپرواہی اپنے اور گھر والوں کے لئے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔ آپ کو اپنے روز گار یہ بھی توجہ دینا ہو گی۔ 2020ء میں کورونا کی وجہ سے روزگار کے حوالے سے کافی پریشانیاں مشکلات اور نقصانات کا جو سامنا رہا ہے۔ وہ اللہ کی مدد اور آپ کی لگن اور محنت سے پورا ہو سکتا ہے آپ جون، جولائی اور ستمبر سے دسمبر تک روزگار کے حوالے سے خود کو بڑا اچھا محسوس کریں گے۔ ان میں آفر بھی ملیں گیا ور غیر متوقع طور پر پیسہ ہاتھ میں آتا رہے گا جس سے ناصرف آپ کی ضرورتیں پوری ہوتی رہیں گی بلکہ کچھ نہ کچھ آپ کے ہاتھ میں بھی رہے گا۔ بعض افراد کے لئے تو وارے نیارے ہو جائیں گے۔ اس لئے آپ اگر ہو سکے تو جتنی بھی حیثیت ہے پرائز بانڈ کی خریداری کر لیں اللہ پاک کی ذات مبارکہ بڑی بے نیاز ہے وہ ایک پل میں چاہے تو خضر سے بادشاہ بنا دے۔ تو پھر آپ کے دن بدلنے پر وہ کس طرح قدرت رکھتا ہے اس کا اندازہ ہو جائے گا۔ اس سال میں سب سے بڑی جو خرابی ہے وہ اپنوں کے ساتھ اختلافات کے معاملات ہیں جو کسی بھی حد تک خرابی کی جانب جا سکتے ہیں اور یہاں تک کہ ایک دوسرے پر جادو ٹونے وغیرہ کروانے کی بھی سازش کی باتیں ہو سکتی ہیں۔ وراثت کے امور بھی ان میں اہم رول ادا کریں گے۔ آپ کو اب چاہ کر بھی سب مل کر اکٹھے نہیں رہ سکتے۔ اس لئے اس کے لئے اب سال کے شروع میں ہی اپنے ذہن کو نیا کر رکھیں۔ کچھ پرانے لوگ زندگی سے نکل جائیں گے اور کچھ نئے آ جائیں گے۔ ہر صورت کچھ نہ کچھ ہونے کی نشاندہی ہو رہی ہے۔ زحل اور عقرب اس معاملے میں اپنی بھرپور سازشیں کر رہا ہے۔ پھر نہ کہنا کہ خبر نہ ہوئی 2021ء کی اہم باتوں میں اس بات کو بالکل نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ جو لوگ 50 سال کی عمر کو گزار چکے ہیں ان کی یادداشت برے انداز سے خراب ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات تو یہ یاد نہیں رہے گا کہ آج صبح ناشتہ کیا تھا اور جو لوگ 60 سال کی عمر سے اوپر ہوں گے تو بعض اوقات ان کے گھر والے ان سے تنگ ٓ جائیں گے کہ ان کا دماغ خرابہ و گیا ہے۔ ان حالات میں ان لوگوں کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑنا۔ ان کے ساتھ پیار محبت سے وقت گزارنا ہے۔ صرف تنہائی ہی دور کرنے سے ان کو مشکلات آسان ہو جائیں گی۔ اصل میں بعض جوزا والے چھوٹی چھوٹی باتوں سے مایوسی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اگر وہ توکل سے کام لیں اور اپنے دل و دماغ میں اس بات کو بٹھا لیں کہ جو کرنا ہے اللہ پاک نے کرنا ہے اور اللہ جو کرتا ہے وہ ٹھیک کرتا ہے جس میں ہمارا ہی فائدہ ہوتا ہے۔ یہ انسان ہی ہیں جو اپنا برا خود کرتے ہیں۔ جوزا والے اگر پیار محبت کے چکروں میں ہیں تو توبہ کر لیں وہ ان کو کبھی حاصل نہیں ہوگا جو یہ چاہتے ہیں یہ بات اور مسئلہ اللہ کے حوالے کر دیں۔ اولاد کے اوپر سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔ ورنہ ان کی طرف سے ٹینشن والی کیفیت چلتی رہے گی بعد پچھتاوے سے بہتر ہے کہ ابھی سے اپنے اختیارات استعمال کئے جائیں مگر نرمی سے۔ اس بات کو بھی کہنے میں کوئی ہرج نہیں کہ بعض افراد دوسری شادی کا سوچ سکتے ہیں اور کچھ تو عملی قدم بھی اٹھا لیں گے اور زائچہ یہ کسی بھی طرح سے ان کو ایسا کرنے کا مشورہ نہیں دے سکتا۔ صرف روزگار کے معالمات دیکھیں۔ اپنے گھر میں بڑی بڑی تبدیلیوں کے لئے تیار رہیں۔ اور صحت کے حوالے سے لاپرواہی نہ کرنا 2021ء کا سب سے بڑا سبق ہوگا۔ اتنی جلد ہی پھل بھی حاصل کر لیں گے۔ جو لوگ خود کو کسی بندش، جادو ٹونے یا دیگر اثرات میں محسوس کر رہے ہیں وہ سال کے پہلے ماہ میں ہی ان تمام معاملات سے بحکم اللہ نکل جائیں گے۔ عرصہ دراز سے والدین کے گھر بیٹھی اولاد کی شادی کا مسئلہ ایسے غیر متوقع انداز سے حل ہوگا کہ بے ساختہ شکر خدا کرنے لگیں گے۔ جنوری سے 30 اپریل پھر یکم ستمبر سے 31 دسمبر تک کا عرصہ اس حوالے سے اہم رہے گا۔ پورا سال ملی جلی کیفیت کا حامل ہے۔ بس رزق حلال کو پکڑیں جھوٹ اور بے ایمانی سے خود کو دور رکھ کر اللہ کی پناہ مانگیں اور نماز کی پابندی سے روحانی مضبوط مضبوط ہو کر چلیں گے تو سارا سال مشکلات سے محفوظ رہیں گے۔ (یا کریم یا سلام یا مومن یا اللہ) کا ورد ہر روز 500 بار ضرور کریں۔ ہر آفت سے محفوظ اور آسنیاں برکتیں رحمتوں کا سلسلہ شروع کر دے گا۔ یہ حساب میرے نزدیک ایسا ہے لیکن حقیقت نصیب کیا ہے یہ صرف میرا اللہ جانتا ہے۔ جو ہر چیز پر قادر ہے۔

برج سرطان

بے شک 2020ء ایک بڑا آزمائش کا سال رہا ہے اور آپ کی ہمت کی داد بھی دینا پڑے گی کہ آپ نے اس مشکل وقت میں گزارہ کیا ہے 2020ء کے آزمائش کی وجہ دسمبر 2019ء میں سات ستاروں کا ایک گھر میں ملاپ تھا۔ اس کے اثرات ابھی چل رہے ہیں اور یہ جون میں جا کر ختم ہوں گے مگر اس کے ساتھ اس بات کا بھی اشارہ مل رہا ہے کہ 2021ء 15 جنوری کو چھ ستاروں کا اجتماع بھی ہو رہا ہے۔ ہم پہلے ہی پچھلے معاملات کو لے کر چل رہے ہیں اوپر سے سال کی پہلے ماہ میں ہی دوسری آزمائش کی خبر بھی مل رہی ہے۔ اس لئے اب ہم کو ہر معاملے میں اپنا قبلہ مکمل طور پر درست رکھ کر چلنا ہوگا۔ ہر اس برے کام کو چھوڑنا ہوگا جو اللہ پاک کے نزدیک گناہ ہے۔ سچے دل سے توبہ کر کے اگر تمام برے کاموں سے دور ہو کر چلیں گے تو ان شاء اللہ کسی بھی طرح کی نحوست اور ستاروں کا ملاپ بحکم ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور ضروری باتوں پر عمل کر کے خود کو محفوظ بھی رکھیں۔ ہر سال ملی جلی کیفیت کا حامل ہے روز گار کے حوالے سے پہلے سال کے اثرات ابھی تک محسوس کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود آپ چونکہ خود سیارے کے حوالے سے قمر کی خوصیات بھی رکھتے ہیں اس لئے کبھی پیسہ بہت زیادہ آ جائے گا کبھی کم ہو گا اور کبھی تو گزارہ بھی مشکل سے ہوگا۔ یہ کیفیت پورا سال چلتی رہے گی اس لئے جو دن اچھے ہوں گے جس میں آپ کے پاس اچھی خاصی رقم آ جائے گی ان کی قدر کریں اور اپنے پیسوں کو سنبھال کر حکمت عملی سے خرچ کریں تاکہ جو دن مشکل کے ہوں۔ اس میں پریشانی نہ ہو جنوری سے اپریل تک عرصہ اس حوالے سے اہم رہے گا۔ پھر اکتوبر، نومبر کا درمیانی عرصہ محتاط انداز سے گزارنا ہوگا جو لوگ پہلے سال کورونا کی وجہ سے سخت مالی مشکلات کا شکار رہے ان کی نوکری بھی جاتی رہی تو یہ لوگ اب ابتداء میں ہی انشاء اللہ اس قسم کی تمام مشکلات سے نکل جائیں گے۔ اچھی آفر بھی ملیں گی اور اپنا کام کرنے کے سنہری مواقع بھی سامنے آئیں گے۔ سرکاری ملازمین کا من پسند جگہ تبادلہ اور ترقی کے امکانات بھی روشن ہوں گے جبکہ بعض سرکاری ملازمت کرنے والے اس سال قبل ریٹائرمنٹ کا سوچ لیں گے اور ملازمت چھوڑ کر آرام اور دینی کاموں میں آنے کا پروگرام بھی بنائیں گے اور اپنی زندگی میں وراثتی امور کی نشاندہی بھی کر دیں گے تاکہ بعد میں اولاد کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ سرطانی افراد کا زائجہ بھی اس بات کی نشاندہی کر رہا ہے کر یہ اپنے دماغ پر ایک عجیب قسم کا بوجھ محسوس کریں گے اور دماغ کی کسی بے تکی بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں جو کہ عام طور پر بہت زیادہ عمر گزرنے کے بعد ہتوی ہے۔ اکثر تو ابھی سے بھول جانے اور غصے کی کیفیت کا شکار ہو رہے ہیں اور دن بدن یہ عادت بڑھ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے گھر والے پریشان ہو رہے ہوں گے روزانہ آدھا گھنٹہ چہل قدمی کریں اور (حسبنااللہ و نعیم الوکیل) کا ورد 450 مرتبہ روزانہ کرنا اپنا معمول بنا لیں۔ ان شاء اللہ اس سے اور بھی بے شمار مسائل سے نجات ملے گی اپنوں کے درمیان چھوٹی چھوٹی باتوں میں اختلافات ایک بڑے عرصے تک جدائی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لئے غصہ نہیں کرنا بلکہ جب غصہ آئے تو پانی پی کر درود شریف کا ورد شروع کردیں اس طرح ایک اہم وقت ٹل جائے گا۔ بہرحال وراثت کے امور میں اس سال پوری شدت سے پیش قدمی ہو گی اور ہر معاملہ بالآخر اپنے انجام کو ہوگا۔ جس کا جو بھی حصہ بنتا ہے وہ اس کو مل جائے گا شرارتی لوگ بے شک اپنا کام کرتے رہیں۔ مگر اللہ پاک کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی چالوں سے ہرگز مت گھبرائیں۔ جو لوگ اپنے معاملات کو سپرد اللہ کر دیں گے وہ دوسروں کی نسبت زیادہ تیزی سے بہتری حاصل کر سکیں گے۔ اس سال کسی جانب سے کوئی برا حال بھی ہاتھ میں آ سکتا ہے اور عرصہ دراز سے شادی کے انتظار میں بیٹھے ہوئے لڑکے لڑکیاں ان شاء اللہ اپنی منزل حاصل کر لیں گے۔ بعض افراد دوسری شادی کے لئے بھی اپنی کوشش جاری رکھیں گے جن سے وہ اپنے گھریلو سکون کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے ان کو مشورہ ہے کہ اپنے اوپر ظلم مت کریں۔ عزت میں بے پناہ کمی ہی ان ک عقل دلانے کے لئے کافی ہو گی۔ تعلیمی معاملات میں شاندار بہتری آنے کی امید ہے۔ جو لوگ سچے دل سے مقابلے کے امتحان میں بیٹھیں گے وہ ان شاء اللہ کامیابی حاصل کریں گے۔ ذمہ داریوں کا بوجھ کم ہوگا اور نئے گھر اور نئی سواری کا بھی بندوبست ہو سکتا ہے۔ یہ سال اپنے دل پر شدت سے قابو رکھنے کا مشورہ بھی دے رہا ہے۔ جو لوگ اس میں ناکام رہے وہ بہت کچھ کھو دیں گے۔ محبت میں کامیابی کے امکانات بے حد کم ہیں اور ناجائز قسم کے رزق سے جس قدر ممکن ہو دور رہیں۔ ورنہ رزق ناجائز تو ہاتھ سے جائے گا ہی ساتھ ہی قانونی معاملات کا بھی شکار ہو سکتے ہیں۔ جادو ٹونے بندش وغیرہ سے نجات رہے گی مگر خون بے حد ہلکا ہونے کی وجہ سے بار بار بدنظری کا شکار ہوتے رہیں گے جن کی وجہ سے اکثر کاموں میں رکاوٹوں کا سلسلہ بھی چلتا رہے گا۔ اس بدنظری سے بچنے کے لئے صبح و شام سورۃ قلم کی آخری دو آیاتک و روزانہ پڑھنا اپنا معمول بنا لیں۔ باوضو رہیں نماز کی پابندی کریں اور درود شریف کا ورد کثرت سے کرنا بے شمار مسائل کا نہ صرف حل ہوگا آخرت میں بھی کامیابی کی ضمانت ہوگا۔ یہ حساب میرے نزدیک اندازے کے مطابق ہے حتمی علم اور سب کچھ میرا اللہ ہی بہت جانتے ہیں۔ 

برج اسد سیارہ شمس

2020ء سخت آزمائشی اور مشکل سال رہا اس کی وجہ دسمبر 2019ء میں سات ستاروں کا ایک ہی گھر میں ملاپ تھا اور اس کے اثرات ابھی تک چل رہے ہیں۔ جون تک مزید چل سکتے ہیں، مگر اب فکر اس بات کی بھی ہے کہ 15جنوری 2021ء کو پھر زائچے میں چھ ستاروں کا ملاپ ہونے جا رہا ہے پہلے والی صورت حال تو نہیں ہے مگر پھر بھی اس کے اثرات تو کسی نہ کسی انداز میں ظاہر ہونے ہیں اس سے محفوظ رہنے کے لئے بھی احتیاط کرنا ضروری ہے جو لوگ اپنے معاملات ٹھیک نہیں کریں گے وہ بڑی مشکل میں آ سکتے ہیں اور جو توبہ کرکے چلیں گے اور پچھلے وقت سے سبق سیکھ لیں گے وہ انشاء اللہ محفوظ بھی رہیں گے اور بہت کچھ حاصل کرنے میں کامیاب بھی۔ برج اسد والوں کے لئے سال کے شروع سے ہی خرابی صحت کی بحالی کی خوشخبری ہے۔ کسی بھی بندش جادو ٹونے وغیرہ میں مبتلا کیوں نہ ہوں اس سے ان شاء اللہ نجات حاصل کر لیں گے وار گھر میں بھی کوئی اس کے زیر اثر ہوا تو وہ بھی سکون میں آجائے گا۔ یہ سال اس حوالے سے خاص طور پر بہتر رہے گا، مگر آپ کا غصہ آپ کا مزاج اور آپ کی سنی اور لاپرواہی کئی معاملات میں رکاوٹ ڈالنے کا سبب اور اپنوں وغیروں سے اختلافات بھی امکان ظاہر کر رہا ہے۔ اگر آپ نے اپنی اس عادت کو بدل ڈالا تو ان شاء اللہ صورت حال اتنی غیر متوقع طور پر آپ کے حق میں ہوگی کہ زندگی کا رخ ہی بدل جائے گا اور اس وقت حقوق العباد کے حاولے سے بھی اپنے معاملات ٹھیک کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ آپ کی وجہ سے بھی کئی لوگوں کا دل ٹوٹا ہے اس کا خیال ہے آپ کو۔ دوسروں سے اپنی غلطی کی معافی مانگیں اور خود بھی دوسروں کو معاف کر دیں۔ اس طرح اللہ پاک آپ سے راضی ہوں گے اور رکاوٹیں مشکلات دور ہو جائیں گی اور جو چھ ستارے اکٹھے ہو رہے ہیں ان کے اثرات بھی کم ہو جائیں گے۔ سال کے شروع میں ہی ان شاء اللہ روزگار کا سلسلہ بہتر ہونا شروع ہو جائے گا۔ 2020ء میں کورونا کی وجہ سے روزگار میں بڑی پریشانی رہی۔ حالات بے حد بُرے لگے تھے مگر سال ابتداء اس بات کی خوشخبری ہے کہ زائچہ روزگار کا سلسلہ میرے اللہ پاک کے حکم سے بڑا ہی شاندار بتا رہا ہے اور سال میں شاید ہی دو ماہ ایسے گزریں گے جس میں یہ سلسلہ تھوڑا سا کم ہو گا ورنہ پورا سال اس حوالے سے موجیں ہی ہیں۔ سابقہ نقصان کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ کاروباری حضرات اب سرمایہ کاری کر سکیں گے اور اپنا کام کرنے والوں کے لئے بھی ان شاء اللہ آسانی ہے۔ البتہ نوکری کرنے والے افراد کو مسلسل محنت سے کام کرنا ہوگا اپنے کام میں ہرگز لاپرواہی نہیں کرنی اور سرکاری ملازمین کے لئے تو کچھ نہ کچھ ہے، مگر دوسرے افراد کو ابھی سخت محنت درکار ہے جو لوگ عرصہ دراز سے بندش جادو ٹونے کا شکار محسوس کر رہے تھے اور دشمنیوں نے ان کا جینا مشکل کیا ہوا تھا۔ وہ ان شاء اللہ مارچ سے اپریل تک کے درمیان اس سے مکمل طور پر نجات حاصل کر لیں گے اور مخالین بحکم اللہ خود بخود بھاگ جائیں گے۔ بعض خود اس مشکل میں پھنس جائیں گے جو وہ آپ کے لئے پیدا کر رہے تھے۔ البتہ اب وراثتی امور میں جھگڑے کے امکان کو خارج نہیں کیا جا سکتا۔ آپ نے بس تھوڑی سی ہمت دکھانی ہے اور صبر کا مظاہرہ کرنا ہے۔ کوئی آپ کا حق نہیں چھین سکتا۔ جو قسمت میں لکھا ہے وہ آپ کو مل کر ہی رہے گا۔ اور جو لڑکیاں والدین کی دہلیز پر بیٹھی ہوئی رشتے کے انتظار میں بوڑھی ہورہی ہیں۔ ان کے لئے سال کے پہلے چار ماہ اور آخری چار ماہ میں انشاء اللہ خوشخبریاں ہیں۔ عرصہ دراز سے چند روزگار چل پڑے گا۔ بیرون ملک رہنے والے واپسی کے بجائے اب دوبارہ اسی ملک میں مستقل رہنے کا پروگرام بنا لیں گے اور اپنی اولاد کو بھی ہمیشہ کے لئے باہر ہی رکھنے کے حوالے سے آسانیاں محسوس کریں گے۔ اس وقت آپ کے اندر کا انسان تبدیلی محسوس کر رہا ہے اور یہ تبدیلی آپ کے حق میں اچھی ہے۔ اس کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ہر سطح پر آنے کو تیار بیٹھی ہوئی ہے۔آپ بس اپنا ذہن بنا لیں۔ اپریل سے ستمبر کا عرصہ اس سلسلے میں اہم ہوگا۔ فروری سے جون کا عرصہ بعض سرکاری ملازمین کو اپنی نوکری چھوڑنے کا مشورہ دے گا اور شاہد کئی ایسا کر بھی گزریں کہ اب ان میں سخت ماحول میں کام جاری رکھنا شاہد مشکل ہو جائے۔ اولاد کے حوالے سے بڑے سخت فیصلے لینے ہیں۔ اولاد کو کسی بھی طرح ان کے حال پر مت چھوڑیں ایسا کرنا ان کی اور اپنی جان پر ظلم ہوگا۔ پیار محبت میں من مانی کا سلسلہ پورا سال جاری رہے گا مگر قدرتی طور پر آسانیاں ملنے والے ہی قدم آگے بڑھائیں۔ زبردستی ایسا کرنے والے بڑی بدنامی میں آ سکتی ہے۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ اس سال بڑی عمر والے کسی نہ کسی کے عشق میں مبتلا ہو کر اپنی دماغی طاقت کھو سکتے ہیں۔ صورت حال خراب ہو سکتی ہے، مگر شائد تقدیر ساتھ نہ دے سکے۔ روزگار پر توجہ دینے والے کامیاب رہیں گے۔ دوسروں کے معاملات میں دخل انداز کرنے والے اور وقت کا مناسب استعمال نہ کرنے والوں کے لئے ماسوائے پچھتاوا کچھ نہ ہوگا۔ اس لئے خدا کے لئے وقت کے مطابق چلیں۔ استخارے کی مدد سے بڑے کام کریں اور روحانی قوت مضبوط کرنے کے لئے نماز کی پابندی درود شریف کو کثرت سے پڑھنا اپنا معمول بنا لیں تو زندگی میں آسانیاں رہیں گی اور مشکلات بھاگ جائیں گی، ان شاء اللہ۔ یہ حساب میرے اندازے کے مطابق ہے جو ستاروں کی روشنی میں ہے، لیکن اصل حقیقت اور سارا علم جاننے اور نصیب لکھنے والا صرف میرا اللہ ہی ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -