نیا سال ملکی ترقی، استحکام اور امن کا سال ثابت ہوگا،گورنر پنجاب 

نیا سال ملکی ترقی، استحکام اور امن کا سال ثابت ہوگا،گورنر پنجاب 

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سال نوکی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے یقین ہے انشاء اللہ یہ سال ملک کی ترقی، استحکام اور امن کا سال ثابت ہوگا۔ نئے سال کے آغاز میں ہم اس بات کا بھی ایک بار پھر عہد کرتے ہیں کہ کشمیری بہن بھائیوں کی سفارتی سمیت ہر محاذ پر بھر پور حمایت جاری رکھیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ نئے سال میں انتشار اور فساد کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں تاکہ پاکستان کے دشمنوں کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ ہم سب پاکستانی مفادات کے تحفظ کے لئے ایک ہیں۔ دریں اثناء گورنر پنجاب نے 2اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا۔گورنر پنجاب نے جنسی ہراسگی کی سزا کے خلاف ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ عاصم ارسلان کی اپیل خارج کردی جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی صوبائی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل کو فیصلے پرعملدرآمد کے بعد نمٹا دیا۔تفصیلات کے مطابق پاپولیشن ویلفیئر پنجاب کی خاتون ورکر مہناز نذر کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے پر خاتون محتسب نے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ پاپولیشن ویلفیئر پنجاب عاصم ارسلان کے خلاف فیصلہ دیا۔صوبائی خاتون محتسب پنجاب کے فیصلے کے خلاف عاصم ارسلان نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کودرخواست دی مگر گورنر پنجاب نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد مذکورہ اپیل کو خارج کردیا اور عاصم ارسلان کی تین سال کیلئے اینکریمنٹ روکنے کی سزا کو برقرار رکھا۔ دوسری جانب گورنر پنجاب نے چیف ایگزیکٹو آفسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی صوبائی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل کو متعلقہ اتھارٹی کی جانب سے صوبائی محتسب کے فیصلے کے مطابق سید عاطر حسنین کو گورنمنٹ ہائی سکول جیابگا گریڈ گیارہ پرتعینات کردیے جانے کے بعد اپیل کو نمٹا دیا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -