غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے منافی: نور الحق قادری
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، آئین بھی غیر مسلم آبادی اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاطت پر زور دیتاہے، مشتعل ہجوم کا فعل قابل مذمت ہے، ہم پر امن کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے مذاہب کااحترام کرنا بھی لازمی ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کرک کے علاقہ ٹیری میں سمادھی مندر کو مشتعل ہجوم کی جانب سے مسمار کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ کرک میں کچھ لوگ ایک مندر کو گرانے کی سازش کر رہے ہیں جبکہ وزارت مذہبی امور علاقے کے مذہبی رہنماؤں سے رابطے میں ہے۔ مندر سے ملحقہ جگہ خرید کر توسیع کرنے پر آبادی مشتعل ہوئی تھی جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور ایم پی اے روی کمار کے ذریعے معاملات حل کر رہے ہیں اور سابقہ ایم این اے مولانا شاہ عبدالعزیز سے بھی معاملہ حل کرنے کا کہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مشتعل ہجوم کا فعل قابل مذمت ہے اور ہم پر امن کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے مفادات کااحترام کرنا بھی لازمی ہے۔
نورالحق قادری