پشاور،یکہ توت میں جعلی مکھن  تیار کرنیوالی فیکٹری سیل 

    پشاور،یکہ توت میں جعلی مکھن  تیار کرنیوالی فیکٹری سیل 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے  یکہ توت میں کاروائی ہوئے جعلی مکھن تیار کرنے والی ایک فیکٹری کو سیل کردیا ہے۔ فیکٹری سے 700 کلو مضر صحت مکھن برآمد کر لیا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران فیکٹری سے مکھن میں استعمال ہونے والے بناسپتی گھی کی بڑی مقدار بھی ضبط کی گئی۔ ڈائریکٹر اپریشنز خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق فیکٹری میں تیار ہونے والے جعلی مکھن کو صوبے کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔  فیکٹری میں کاروائی کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی مکمل خلاف ورزی کی جارہی تھی۔  ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں بناسپتی گھی سے تیار ہونے والامکھن انسانی صحت کے لئے نہایت مضر ہے، گھناونے عمل پر فیکٹری مالک کے خلاف بھاری جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت کاروائی کی جائیگی۔ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ہنگو میں مختلف بیکریوں کا جائزہ لیا گیا، اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، زائد المعیاد اشیا بیچنے پر 800 کلو سے زائد مضر صحت اشیا تلف کردئے گئے، ان کا کہنا تھا کہ مردان میں کالج چوک اور بینک روڈ پر مصالحہ جات اور بیکریوں کا جائزہ لیا گیا۔ کاروائی میں تین بیکریز سیل، 18 کلو چائنہ سالٹ برآمد کرلیا گیا۔ اسی طرح اپر کرم میں کاروائی کے دوران 25 کلو سے زائد ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا۔  ڈی جی فوڈ اتھارٹی سہیل خان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا معاشرے کے لئے ایک ناسور ہے، جو مضر صحت اشیا سے انسانی صحت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اور مختلف بیماریوں کے پھیلا کا سبب بن رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی ایسے عناصر کے خلاف بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے، اتھارٹی کا مشن صوبے میں اشیا خوردنوش میں صاف اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا اور ملاوٹ کا خاتمہ ہے۔