نیا سال صوبے کے قیام کی جدوجہد کے طورپر منایا جائیگا، سلیم حیدر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ 2021ء کا سال مہاجر عوام کی خوشحالی اور صوبے کے قیام کی جدوجہد کے طورپر منائیں گے۔ مہاجر عوام متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑے ہوں کیونکہ مہاجر دشمن قوتیں نہیں چاہتیں کہ مہاجر عوام متحد ہوں اور وہ اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کریں، یہی وجہ ہے کہ مہاجروں کو سیاسی، معاشی اور اقتصادی طورپر دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جو ہمیشہ مہاجر دشمنی میں پیش پیش ہوتی ہے اس نے ایک منصوبے کے تحت مہاجر نوجوانوں سے تعلیم اور روزگار چھین لیا۔ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں بدامنی اور بدحالی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ ایسے میں مہاجر دانشوروں، ادیبوں، صحافیوں اور مہاجر سوچ رکھنے والے افراد پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ تمام مصلحتوں سے بالاتر ہوکر مہاجر نوجوانوں کی پشت بانی کریں کیونکہ اگر مہاجر دشمن قوتیں مہاجروں کو سرنگوں کرنے میں کامیاب ہوگئیں تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی اور مہاجروں کو غلامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم بے یقینی کا شکار ہے، مہاجر عوام میں مایوسی، بددلی انتہا کو پہنچی ہوئی ہے جو نہ صرف ملک اور قوم کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ خود مہاجر قوم کو بھی اس سے نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم روز اول سے مہاجروں کو متحد کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ مہاجر متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئے ایک بار پھر کھڑے ہوں اور مہاجر دشمن قوتوں کو یہ بتادیں کہ مہاجر کٹ تو سکتا ہے لیکن جھک نہیں سکتا۔