عمران خان 126دھرنا دے تو جائز، ہم احتجاج کریں تو ناجائز: ڈاکٹر زرکاوٹیں توڑ کر ڈی چوک جا پہنچے
اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)ہسپتال کو میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ (ایم ٹی آئی)میں تبدیل کرنے کے فیصلے کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت سینکڑوں ملازمین نے مسلسل33ویں روز اپنا احتجاج جاری رکھا،ملازمین نے پمزہسپتال سے ڈی چوک تک زبردستی احتجاجی مارچ کیا،پولیس نے مظاہرین کو جناح ایونیو پر روکنے کی کوشش کی مگر وہ تمام رکاوٹیں توڑ کرڈی چوک جاپہنچے اوردھرنا دیدیا۔مظاہرے میں نومنتخب میئر اسلام آباد پیر عادل شاہ،نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم سمیت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر شرکت کی۔شرکا ء نے دھمکی دی کہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو احتجاج دھرنے کی صورت اختیار کر سکتا ہے،وزیر اعظم فی الفور ایم ٹی آئی آرڈیننس واپس لینے کا اعلان کریں،ڈی چوک میں عمران خان نے 126دن دھرنا دیا ہم 226 دن دھرنے کا اعلان کریں گے،یہ صرف پمز کی نہیں پورے پاکستان کے ہسپتالوں کا معاملہ ہے،کسی ہسپتال کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ احتجاجی مارچ کی قیادت چیئرمین فیڈرل گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر اسفندنے کی،ملک بھر سے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس تنظیموں کے نمائندگان نے احتجاج میں شرکت کی۔انتظامیہ نے ڈی چوک سے پارلیمنٹ جانے والے راستوں کو تاریں لگا کر بند کیے رکھا جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی اس موقع پر موجو دتھی۔ چیئرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر اسفند یار نے کہا کہ ہر وہ چیز جو عمران خان کیلئے جائز تھی ہمارے لئے ناجائز ہے۔2014میں اسی ڈی چوک میں عمران خان نے 126دن دھرنہ دیا ہم 226 دن دھرنے کا اعلان کریں گے۔کسی ہسپتال کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے،اگر حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی مذاحمت کی گئی توملک بھر میں ہڑتال کریں گے۔ڈاکٹر فیض خان اچکزئی نے کہا کہ ہم ملک کا پڑھا لکھا طبقہ ہیں اور ہم اپنے حقوق کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔دوسری جانب ڈی سی اسلام آباد محمد حمزہ شفقات نے کہا کہ قانون سازی کے خلاف احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا،مظاہرین کو کسی صورت ڈی چوک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قائدین کے خلاف مقدمہ درج ہوگا،ریڈ زون ایکٹ کی خلاف وزری پر 6 ماہ کی قید بھی ہوسکتی ہے۔جبکہ نومنتخب میئرپیر عادل شاہ گیلانی نے کہا کہ میں بطور مئیر آپ کے ساتھ کھڑا ہوں تمام تر چھینے گئے حقوق کی واپسی تک مسلم لیگ ن آپ کے ساتھ ہے، اسلام آباد میں ابھی شیر زندہ ہے،یہ صرف سڑک کا احتجاج نہیں بلکہ اس کو پارلیمنٹ میں لیکر جائیں گے۔
ڈاکٹرز احتجاج