سیاحتی مقامات کیلئے ٹریفک پلا ن نافذ، 2021ء پی ٹی آئی کے عوام سے کئے وعدوں کی تکمیل کا سال: عثمان بزدار

      سیاحتی مقامات کیلئے ٹریفک پلا ن نافذ، 2021ء پی ٹی آئی کے عوام سے کئے وعدوں ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سال نو کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ 2021ء  کا پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ ہوگا، انشاء اللہ 2021ء عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہوگا۔ہمارا عزم درپیش چیلنجز سے زیادہ بلند ہے، 2021پاکستانی قوم کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا۔پاکستان کو پرامن اور حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ مشکل حالات سے گزرنے اور ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔قائد اعظم کے ویژن کے مطابق امیر اورغریب کا معاشی تفاوت ختم کرنے اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سال نو کے موقع پر سیاحتی مقامات کیلئے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا۔ افسران اور اہلکاروں کو ٹریفک روانی یقینی بنانے کیلئے فرائض تفویض کر دیئے گئے۔مری اور گرد و نواح میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے 325 افسر اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ مری شہر میں 82، ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ پر 114 اور اندرونی و بیرونی راستوں پر 129 افسر اور اہلکار ڈیوٹی کیلئے موجود ہیں۔ نیو ایئر نائٹ پر 8 ایس ایس پی، ایس پی اور ڈی ایس پی حضرات ٹریفک مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سال نو پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت بھی کی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف سکیورٹی اقدامات ہونے چاہئیں۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے۔ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ 

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -