وفاقی چیمبر الیکشن: ناصر حیات مگو صدر، خواجہ شاہزیب اکرم سینئر نائب صدر منتخب

      وفاقی چیمبر الیکشن: ناصر حیات مگو صدر، خواجہ شاہزیب اکرم سینئر نائب صدر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی (اکنامک رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات مکمل، بزنس مین پینل نے حریف گروپ یو بی جی کا صفایا کردیا۔ بی ایم پی کے ناصر حیات مگو صدر، خواجہ شاہ زیب اکرم بھاری اکثریت سے سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے۔ ہم ماضی سے زیادہ بڑھ کر بزنس کمیونٹی کی خدمت کریں گے۔ بزنس مین پینل کا عزم۔ تفصیلات کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ کے انتخابات گزشتہ روز فیڈریشن ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئے۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی، چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے چیمبرز و ایسوسی ایشنز نے پاکستان کے سب سے بڑے بزنس ادارے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں حصہ لیا۔ انتخابات پرامن ماحول میں بزنس مین پینل اور پروگریسیو گروپ کے الائنس نے حریف گروپ یو بی جی کا صفایا کردیااور پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے بزنس مین پینل پر مکمل اعتماد اور بھاری اکثریت سے اپنے نمائندے منتخب کیے۔ صدر اور سینئر نائب صدر کے علاوہ نائب صدور میں سندھ سے اطہر سلطان چاولہ، حنیف لاکھانی، خیبرپختونخوا سے محمد زاہد شاہ، پنجاب سے محمد سلیم بھلر،بلوچستان سے ناصر خان، خواتین نشست پر فرزانہ علی بلوچ منتخب ہوگئے جبکہ فیڈرل ایریا سے مقابلہ ٹائی ہوا۔ یو بی جی نے عارف جیوا سمیت دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں انجم نثار، سینیٹر حاجی غلام علی، سلطان چاولہ،زکریا عثمان، قیصر خان داؤد زئی اور بی این پی کے تمام ممبران اور ذمہ داران نے انتہائی کامیابی سے مہم چلاکر یو بی جی کا صفایا کردیا۔بی ایم پی و پی بی جی الائنس کے قائدین میاں انجم نثار، سینیٹر حاجی غلام علی ' حاجی جمعہ خان، غلام فاروق اور ولی محمد سمیت امیدواران و حامیوں کی کوششیں و محنت خوب رنگ لائی۔ بزنس کمیونٹی نے اپنے بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے بزنس مین پینل و پروگریسیو بزنس گروپ کے امیدواران کو بھاری اکثریت سے منتخب کرلیا۔ ایف پی سی سی آئی انتخابات کے نتائج کے مطابق صدارت کے عہدے پر عصاب شکن مقابلہ کے بعد بی ایم پی کے امیدوار ناصر حیات مگو نے یو بی جی امیدوار خالد تواب کو پچھاڑتے ہوئے شکست سے دوچار کردیا۔ بی ایم پی کے امیدوار ناصر حیات مگو نے180جبکہ یو بی جی کے خالد تواب نے بھی 178ووٹ حاصل کیے۔اس طرح بزنس مین پینل و پروگریسیو بزنس گروپ نے اپنی سابق کارکردگی کی بنیاد پر ایف پی سی سی آئی کی حکمرانی ایک بار پھر اپنے نام کرلی۔ بی ایم پی امیدوار شاہ زیب اکرم نے 197ووٹ حاصل کرکے سینئر نائب صدرات کا عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مد مقابل یو بی جی کے امیدوار عبدالرؤف مختار کو 161ووٹ حاصل کرکے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کی نائب صدارت کی نشست پر بی ایم پی امیدوار محمدزاہد شاہ نے 18ووٹ جبکہ یو بی جی کے لالی شاہ صرف 8ووٹ ہی حاصل کر سکے یوں بی ایم پی کے امیدوار محمد زاہد شاہ نے بھاری اکثریت سے خیبرپختونخوا کی نائب صدارت کی نشست اپنے نام کرلی۔ پنجاب کی نشست پر بی ایم پی کے امیدوار عامر انور 12ووٹ حاصل کرکے ناکام رہے جبکہ مدمقابل یوبی جی کے امیدوار راجہ محمد انور نے 28ووٹ حاصل کرکے فتح اپنے نام کرلی۔ فیڈرل ایریا کی نشست پر بی ایم پی کے امیدوار قربان علی نے 4جبکہ یو بی جی کے نصیر منصور قریشی نے بھی 4ہی ووٹ حاصل کیے یوں دونوں امیدواران کے ووٹ برابر ہونے کے باعث فیڈرل ایریا کی نشست پر ٹائی کردیا گیا۔ سمال ٹریڈرز چیمبر کی نشست پر بی ایم پی و پی بی جی کے ملک سلمان الٰہی کو ایک ووٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سلمان الٰہی نے 8ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل یو بی جی کے امیدوار محمد نواز نے9ووٹ حاصل کرکے سمال چیمبرز کے نائب صدر کی نشست اپنے نام کرلی۔اسی طرح ایسوسی ایشنز کلاس کی نائب صدارت کی چار نشستوں میں سے 3نشستیں بی ایم پی و پی بی جی اتحاد کے امیدواروں اطہر سلطان چاولہ، حنیف لاکھانی، چوہدری سلیم بھلر جبکہ ایک نشست یو بی جی کے امیدوار عارف جیوا حاصل کر پائے۔

مزید :

صفحہ اول -