فرنٹیئر کنسٹیبلری کے شہداء پیکیج میں اضافہ کیا جائیگا، شیخ رشید احمد 

فرنٹیئر کنسٹیبلری کے شہداء پیکیج میں اضافہ کیا جائیگا، شیخ رشید احمد 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیربرائے داخلہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ فرنٹیرکنسٹبلری شہدا ء پیکج میں اضافہ کیاجائیگا جبکہ دیگرمسائل کاحل بھی ترجیحات میں شامل ہے اورانشاء اللہ ڈیڑھ ماہ میں فرنٹیرکنسٹبلری کے تمام مسائل ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ محدودوسائل میں امن وامان کے قیام کیلئے اورسیکورٹی فرائض کی انجام دہی میں فرنٹیرکنسٹبلری قربانیاں اورخدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ اپنے لہوسے امن کے دیئے جلانے والے شہداء آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں،ایف سی سمیت تمام سیکورٹی اداروں کی قربانیوں اورخدمات کوقوم قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے فرنٹیرکنسٹبلری ہیڈکوارٹرمیں اجلاس کی صدارت کے بعدایف سی کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں کمانڈنٹ ایف سی معظم جاء انصاری نے وفاقی وزیرکوفرنٹیرکنسٹبلری کی خدمات،قربانیوں اورحکمت عملی کے حوالے سے مفصل بریفنگ بھی دی۔وفاقی وزیربرائے داخلہ شیخ رشیداحمدنے کہاکہ فرنٹیرکنسٹبلری کے نڈرجوانوں نے دہشت گردی کاقلع قمع کرنے کیلئے ہراول دستے کاکردارادا کیاہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ایف سی کوجدیداسلحہ سے لیس کرنے اورخاطرخواہ فنڈزفراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریگا،بارڈر وملحقہ علاقہ جات،خیبرپختونخوا،اقتصادی راہداری،گلگت  بلتستان،واپڈا،سوئی گیس،این ایچ اے،سندھ میں جیلوں اورفارن دفاتر سیکورٹی سمیت اقوام متحدہ میں مستقل نمائندگی کے دوران ایف سی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔بعدازاں وفاقی وزیربرائے داخلہ شیخ رشیداحمدنے فرنٹیرکنسٹبلری ہیڈکوارٹرمیں ایم آئی روم(چھوٹے ہسپتال)کاافتتاح بھی کیا۔

مزید :

صفحہ اول -