وفاقی چیمبر الیکشن: ناصرحیات مگوصدر، خواجہ شاہ زیب اکرم سینئر نائب صدر منتخب 

وفاقی چیمبر الیکشن: ناصرحیات مگوصدر، خواجہ شاہ زیب اکرم سینئر نائب صدر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹی رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات مکمل، بزنس مین پینل نے حریف گروپ یو بی جی کا صفایا کردیا۔ بی ایم پی کے ناصر حیات مگو صدر، خواجہ شاہ زیب اکرم بھاری اکثریت سے سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے۔ ہم ماضی سے زیادہ بڑھ کر بزنس کمیونٹی کی خدمت کریں گے۔ بزنس مین پینل کا عزم۔ تفصیلات کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ کے انتخابات گزشتہ روز فیڈریشن ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئے۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی، چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے چیمبرز و ایسوسی ایشنز نے پاکستان کے سب سے بڑے بزنس ادارے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں حصہ لیا۔ انتخابات پرامن ماحول میں بزنس مین پینل اور پروگریسیو گروپ کے الائنس نے حریف گروپ یو بی جی کا صفایا کردیااور پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے بزنس مین پینل پر مکمل اعتماد اور بھاری اکثریت سے اپنے نمائندے منتخب کیے۔ صدر اور سینئر نائب صدر کے علاوہ نائب صدور میں سندھ سے اطہر سلطان چاولہ، حنیف لاکھانی، خیبرپختونخوا سے محمد زاہد شاہ، پنجاب سے محمد سلیم بھلر،بلوچستان سے ناصر خان، خواتین نشست پر فرزانہ علی بلوچ منتخب ہوگئے جبکہ فیڈرل ایریا سے مقابلہ ٹائی ہوا۔ یو بی جی نے عارف جیوا سمیت دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں انجم نثار، سینیٹر حاجی غلام علی، سلطان چاولہ،زکریا عثمان، قیصر خان داؤد زئی اور بی این پی کے تمام ممبران اور ذمہ داران نے انتہائی کامیابی سے مہم چلاکر یو بی جی کا صفایا کردیا۔بی ایم پی و پی بی جی الائنس کے قائدین میاں انجم نثار، سینیٹر حاجی غلام علی ' حاجی جمعہ خان، غلام فاروق اور ولی محمد سمیت امیدواران و حامیوں کی کوششیں و محنت خوب رنگ لائی۔ بزنس کمیونٹی نے اپنے بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے بزنس مین پینل و پروگریسیو بزنس گروپ کے امیدواران کو بھاری اکثریت سے منتخب کرلیا۔ ایف پی سی سی آئی انتخابات کے نتائج کے مطابق صدارت کے عہدے پر عصاب شکن مقابلہ کے بعد بی ایم پی کے امیدوار ناصر حیات مگو نے یو بی جی امیدوار خالد تواب کو پچھاڑتے ہوئے شکست سے دوچار کردیا۔ بی ایم پی کے امیدوار ناصر حیات مگو نے180جبکہ یو بی جی کے خالد تواب نے بھی 178ووٹ حاصل کیے۔اس طرح بزنس مین پینل و پروگریسیو بزنس گروپ نے اپنی سابق کارکردگی کی بنیاد پر ایف پی سی سی آئی کی حکمرانی ایک بار پھر اپنے نام کرلی۔ بی ایم پی امیدوار شاہ زیب اکرم نے 197ووٹ حاصل کرکے سینئر نائب صدرات کا عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مد مقابل یو بی جی کے امیدوار عبدالرؤف مختار کو 161ووٹ حاصل کرکے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کی نائب صدارت کی نشست پر بی ایم پی امیدوار محمدزاہد شاہ نے 18ووٹ جبکہ یو بی جی کے لالی شاہ صرف 8ووٹ ہی حاصل کر سکے یوں بی ایم پی کے امیدوار محمد زاہد شاہ نے بھاری اکثریت سے خیبرپختونخوا کی نائب صدارت کی نشست اپنے نام کرلی۔ پنجاب کی نشست پر بی ایم پی کے امیدوار عامر انور 12ووٹ حاصل کرکے ناکام رہے جبکہ مدمقابل یوبی جی کے امیدوار راجہ محمد انور نے 28ووٹ حاصل کرکے فتح اپنے نام کرلی۔ فیڈرل ایریا کی نشست پر بی ایم پی کے امیدوار قربان علی نے 4جبکہ یو بی جی کے نصیر منصور قریشی نے بھی 4ہی ووٹ حاصل کیے یوں دونوں امیدواران کے ووٹ برابر ہونے کے باعث فیڈرل ایریا کی نشست پر ٹائی کردیا گیا۔ سمال ٹریڈرز چیمبر کی نشست پر بی ایم پی و پی بی جی کے ملک سلمان الٰہی کو ایک ووٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سلمان الٰہی نے 8ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل یو بی جی کے امیدوار محمد نواز نے9ووٹ حاصل کرکے سمال چیمبرز کے نائب صدر کی نشست اپنے نام کرلی۔اسی طرح ایسوسی ایشنز کلاس کی نائب صدارت کی چار نشستوں میں سے 3نشستیں بی ایم پی و پی بی جی اتحاد کے امیدواروں اطہر سلطان چاولہ، حنیف لاکھانی، چوہدری سلیم بھلر جبکہ ایک نشست یو بی جی کے امیدوار عارف جیوا حاصل کر پائے۔ یوں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے نتائج کے مطابق پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے بزنس مین پینل اور پروگریسیو بزنس گروپ اتحاد پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ بی ایم پی پی بی جی اتحاد فرزانہ بلوچ کو وومن نائب صدر اور ناصر خان نائب صدر بلوچستان پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ یو بی جی بھی سندھ کی عدیل صدیقی کو نائب صدارت کی نشست پر بلامقابلہ منتخب کراچکی ہے۔ یوں بزنس مین پینل سینئر نائب صدر6 نائب صدور کے عہدے حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ یو بی جی صرف 3نائب صدارت ہی حاصل کرپائی۔ ایف پی سی سی آئی انتخابات میں شاندار و تاریخی کامیابی اور زیادہ نشستیں حاصل کرنے پر بی ایم پی و پی بی جی کے حامیوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے۔ کامیاب امیدواروں نے تمام ووٹرز اور چیمبرز عہدیداران و سربراہان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کامیابی امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ جیت کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر بزنس مین پینل کے مرکزی جنرل سیکرٹری حاجی غلام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں انجم نثار کی شاندارکارکردگی، بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے خاتمہ اور بزنس مین پینل کے تمام چاروں صوبوں کی کابینہ اور نمائندگان نے اس طرح مہم چلائی اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور ایگزیکٹیو ممبران و جنرل باڈی ممبران نے جس طرح اعتماد کا اظہار کیا ہم اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم ماضی سے زیادہ بڑھ کر بزنس کمیونٹی کی خدمت کریں گے۔ اب بزنس کمیونٹی کی خوشحالی اور پاکستان کی معاشی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ اسلم، محمد علی قائد، قربان علی، مرزا عبدالرحمن سمیت بی ایم پی، پی بی جی عہدیداران سمیت چیمبرزو ایسوسی ایشنز کے عہدیداران و ممبران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے بزنس مین پینل کی شاندار کامیابی میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا۔ ادھرایف پی سی سی آئی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدورقیصر خان داؤد زئی، مرزا عبدالرحمن، حاجی فضل الٰہی، عدنان جلیل، ریاض خٹک، محمد ظفر جلیل مستی خیل، حاجی زبیر علی سمیت مہمند چیمبر کے صدر ارباب فاروق جان، لوئر دیر چیمبر کے صدر نور عالم بادشاہ، مردان چیمبر کے صدر ظاہر شاہ، صوابی چیمبر کے صدر شیراز اکرم باچا، ہری پور، ڈی آئی خان، کوہاٹ، چترال سمیت خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران و سربراہان نے بزنس مین پینل کو شاندار و تاریخی کامیابی پر چیئرمین بی ایم پی میاں انجم نثار، جنرل سیکرٹری سینیٹر حاجی غلام علی، چیئرمین پی بی جی حاجی جمعہ خان، پیٹرن چیف پی بی جی غلام فاروق اور ولی خان سمیت نومنتخب سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم، نائب صدور محمد زاہد شاہ ' ناصر خان، اطہر سلطان، حنیف لاکھانی، چوہدری سلیم بھلر اور فرزانہ بلوچ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے دبنگ انداز میں جنگ لڑیں گے اور پاکستان کی معاشی و تجارتی ترقی کیلئے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو اپنے ساتھ رکھ کر اقدامات اٹھائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -