انقلابی ہیلتھ منصوبہ کومرحلہ وار پورے صوبے تک وسعت دی جارہی ہے: تیمور جھگڑا 

انقلابی ہیلتھ منصوبہ کومرحلہ وار پورے صوبے تک وسعت دی جارہی ہے: تیمور جھگڑا 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے کے مزید 6 اضلاع ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ اور پشاور تک صحت کارڈ پلس پروگرام کو آج وسعت دی جارہی ہے۔مذکورہ 6 اضلاع  کی ایک کروڑ چالیس لاکھ آبادی کیلئے صحت کی مفت سہولیات وہاں کے 38 اسپتالوں میں میسر ہوگی۔اپنے دفتر سے جاری بیان میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی انقلابی ہیلتھ منصوبے کو مرحلہ وار پورے صوبے تک وسعت دی جارہی ہے اور 31 جنوری 2021 تک پورے صوبے کی عوام صحت کی مفت سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت صوبے کے تمام لوگ 10 لاکھ روپے تک مفت سہولیات قومی شناختی کارڈز پر حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت پروگرام کے تحت پہلے اور دوسرے مرحلے میں ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کو مفت صحت سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ ملاکنڈ ڈویژن کے لوگ وہاں کے 36 جبکہ ہزارہ ڈویژن کے لوگ وہاں کے 28 اسپتالوں میں مفت صحت سہولیات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ملاکنڈ میں صحت کارڈ پلس پروگرام کے لانچ ہونے پر صحت سہولت سے مستفید ہونے والے مریضوں کی تعداد میں 100 فیصد جبکہ ہزارہ ڈویژن میں 153 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ صحت کارڈ پلس پروگرام سے مفت صحت سہولیات حاصل کرنے کے لئے ہسپتالوں کی تعداد مزید بڑھائی جارہی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -