نئے سال کی پہلی بڑی تبدیلی ، عمر شیخ کو سی سی پی او کے عہدے سے ہٹا کر کہاں تعینات کیا گیا ؟ پتا چل گیا
لاہو ر (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب حکومت نے ’لاڈلے ‘ پولیس افسر عمر شیخ کو تنازعات میں گھرنے اور کارکردگی نہ دکھانے پر عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ غلام محمود ڈوگر کو تعینات کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق عمر شیخ کو سی سی پی او کے عہدے سے فارغ کرتے ہوئے ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب کانسٹبلری تعینات کر دیا گیاہے ۔ غلام محمود ڈوگر آر پی او فیصل آباد تعینات تھے جنہیں لاہور میں سی سی پی او کا عہدہ دیدیا گیاہے ، غلام محمود ڈوگر لاہور میں اس سے قبل ڈی آئی جی آپریشنزکی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں ۔غلام محمود ڈوگر کا انٹرویو کچھ دیر پہلے ایوان وزیراعلیٰ میں کیا گیا اور فوری طور پر انہیں چارج سنبھالنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔غلام محمود ڈوگر ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیور منٹ بھی تعینات رہے ہیں ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمر شیخ لاہور میں کارکردگی نہیں دکھا سکے اور کرائم ریٹ روزانہ کی بنیاد پر بڑھتا ہی چلا جارہا تھا ۔ یاد رہے کہ عمر شیخ کا تعیناتی کے فوری بعد سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے ساتھ جھگڑا بھی سامنے آیا تھا تاہم بعدازاں آئی جی کو ہی تبدیل کر دیا گیا تھا ۔
عمر شیخ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد تین چار ایسے آفیسر کو عہدے سے ہٹوایا جن کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، انہوں نے دوست محمد جو کہ ایس ایس پی ماڈل ٹاﺅن تھے ، کو تین کروڑ روپے کرپشن کے الزام میں عہدے سے فارغ کروایا تھا ۔عمر شیخ نے لاہور کے تمام ایس ایچ اوز اور ایس پی آفسران کو تبدیل کر دیا تھا ۔اس کے علاوہ عمر شیخ اور دیگر افسرا ن کے درمیان اکثر تنازعات کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں نیا سکینڈل سامنے آیا تھا کہ عمر شیخ نے سی ایم کی سیکیورٹی میں ایسے پولیس افسران کو تعینات کیا تھا جو کہ غیر موزوں تھے ۔