2020ءکی وہ خبریں جو آپ بھولنا چاہیں بھی تو کبھی نہ بھول سکیں گے

2020ءکی وہ خبریں جو آپ بھولنا چاہیں بھی تو کبھی نہ بھول سکیں گے
2020ءکی وہ خبریں جو آپ بھولنا چاہیں بھی تو کبھی نہ بھول سکیں گے

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) 2020ءکچھ اچھی اور کچھ بری یادیں اپنے جلو میں لیے اختتام پذیر ہوا۔ اس سال میں کچھ ایسے واقعات رونما ہوئے کہ جنہیں ہم چاہ کر بھی بھول نہیں سکیں گے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں ایسے ہی کچھ واقعات بیان کیے ہیں۔ ان میں پہلا واقعہ کورونا وائرس کی وباءکا پاکستان میں آنا ہے۔ اس موذی وباءسے مختلف خبریں گزشتہ سال کی اہم ترین خبروں میں سے ہیں جنہیں فراموش کرنا ممکن نہ ہو گا۔

اداکارہ عظمیٰ خان کا سکینڈل بھی نہ بھلائی جانے والی خبروں میں شامل ہے۔ ملک ریاض کی بیٹی نے ایک اور خاتون اور اپنے گارڈ کے ساتھ ایک گھر پر چھاپہ مارا، جہاں اس کا شوہر اداکارہ عظمیٰ خان کے ساتھ موجود تھا۔ ملک ریاض کی بیٹی نے عظمیٰ خان کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ بعد ازاں عظمیٰ خان نے حکومت دے درخواست کی تھی کہ وہ اس بااثر فیملی کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں اس کی مدد کرے مگر بعد میں اس نے اس بااثر فیملی کے ساتھ سمجھوتہ کر لیا تھا۔

ایک کرنل کی بیوی کی وائرل ہونے والی ویڈیو بھی گزشتہ سال کا ایک ایسا واقعہ ہے جسے بھلایا نہ جا سکے گا۔ یہ خاتون اپنے گاڑی روکے جانے پر اہلکاروں کو دھمکا رہی ہوتی ہے اور اپنے کرنل کی بیوی ہونے کا رعب جھاڑ رہی ہوتی ہے۔ پھر سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا کیس اور زوبیہ میر کا کیس بھی ایسی ہی خبروں میں شامل ہیں۔ زوبیہ میر نامی لڑکی نے اپنے بھائی اور بھابی کے ہاتھوں اپنی ماں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جو بہت وائرل ہوئی۔ تاہم بعد ازاں زوبیہ کی ماں نے اپنے ارسلان اور اس کی بیوی کو معاف کر دیا تھا اور لوگوں سے بھی کہا تھا کہ وہ ارسلان کو معاف کر دیں۔

اس کے بعد ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کا بریک اپ گزشتہ سال کی اہم ترین خبر رہا جس کا کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر چرچا رہا۔ ہانیہ عامر نے ایک انٹرویو کے دوران عاصم اظہر کو ’صرف دوست‘ قرار دے کر اس سے بریک اپ کیا اور اس کا بریک اپ کا یہ طریقہ ایسا مشہور ہوا کہ کئی دن تک سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتا رہا۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنا، موٹر وے پر خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی، ٹک ٹاکر خاتون کا فالوورز اور لائیکس کے لیے اپنے شوہر عدیل راجپوت کی موت کا ڈرامہ رچانا اور پھر ترک ڈرامے ارتغرل غازی کا جنون ایسے واقعات ہیں جنہیں بہت جلد بھلانا ممکن نہ ہو سکے گا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -