پیسے حاصل کرنے کے لیے ماں باپ نے اپنے سوتیلے بچے کی جان لے لی

پیسے حاصل کرنے کے لیے ماں باپ نے اپنے سوتیلے بچے کی جان لے لی
پیسے حاصل کرنے کے لیے ماں باپ نے اپنے سوتیلے بچے کی جان لے لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی نژاد برطانوی میاں بیوی نے پیسے کی خاطر ایک یتیم بچے کو گود لے کر قتل کروا دیا۔ میل آن لائن کے مطابق 55سالہ آرتی دھیر اور اس کا 30سالہ شوہر کیول ریجادا مغربی لندن کے رہائشی ہیں۔ وہ 2015ءمیں بھارت گئے اور وہاں ایک بچے کو گود لیا۔ وہ بچے کو اپنے ساتھ لندن لانے والے تھے مگر اس سے پہلے کہ بچے کی سفری دستاویزات تیار ہوتیں، اس بچے پر دو موٹرسائیکل سواروں نے چھریوں سے حملہ کر دیا۔ حملے میں بچے کا بہنوئی بھی اسے بچانے کی کوشش میں شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں دونوں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ آرتی اور کیول نے خود بچے کو اغواءکروایا اور اسے قتل کروا ڈالا۔ اس کی وجہ بچے کی لائف انشورنس پالیسی کے ڈیڑھ لاکھ پاﺅنڈ حاصل کرنا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آرتی اور کیول نے 2015ءمیں بھارت آ کر اخبارات میں اشتہار دیا کہ وہ ایک بچہ گود لینا چاہتے ہیں جسے وہ اپنے ساتھ لندن لے جائیں گے۔ اس اشتہار کی وجہ سے وہ گوپال سے ملے۔ گوپال اپنی بڑی بہن اور اس کے شوہر کے ساتھ رہ رہا تھا۔ بہن اور اس کے شوہر نے سوچا کہ گوپال لندن چلا گیا تواس کا مستقبل سنور جائے گا چنانچہ انہوں نے اشتہار پڑھ کر آرتی اور کیول سے رابطہ کیا۔

آرتی اور کیول نے گوپال کو گود لیتے ہی اس کی لائف انشورنس کروائی۔ کیول نے 15، 15ہزار پاﺅنڈ کی دو قسطیں انشورنس کمپنی کو ادا کیں۔ انشورنس کی رقم دو صورتوں میں ان دونوں کو ملنی تھی۔ اول 10سال بعد اور دوم گوپال کی موت کی صورت میں۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ آرتی اور کیول نے گوپال کی فوری انشورنس کروائی ہی اسی لیے تھی کہ وہ اسے قتل کروا کے رقم حاصل کر سکیں بلکہ ان کا بھارت آنے کا اصل مقصد ہی یہی تھا۔گوپال اور اس کے بہنوئی پر حملہ کرنے والے ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے بتایا ہے کہ وہ آرتی اور کیول کا دوست ہے۔

بچے اور اس کے بہنوئی کو قتل کروانے کے بعد دونوں واپس برطانیہ چلے گئے اور انشورنس کی رقم کلیم کر لی۔ اب بھارتی حکومت نے برطانوی حکومت سے انسانی حقوق کی بنیاد پر متعدد بار درخواست کی ہے کہ وہ ملزمان کو بھارت کے حوالے کر دے تاہم ہر بار بھارت سرکار کی درخواست مسترد کردی گئی۔ اب برطانیہ نے بھارت کویہ درخواستیں مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دے دیا ہے۔