عمران خان اگر صادق اور امین ہیں تو الیکشن کمیشن سے کیوں بھاگتے ہیں؟ پلوشہ خان نے سوال اٹھا دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ بولنے میں اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہے ہیں،عمران خان کا کرپشن بیانیہ فلاپ ہو کر پٹ چکا اور وہ خود بھی بے نقاب ہو گئے ہیں،عمران خان اگر صادق اور امین ہیں تو الیکشن کمیشن سے کیوں بھاگتے ہیں؟ ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کےنجی ٹی وی کو دیئے جانے والے انٹرویو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے میں اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہے ہیں، جس طرح مکارانہ انداز میں انہوں نے ادویات مہنگی کرکے عوام کو لوٹنے والے عامر کیانی کو معصوم قرار دیا انتہائی حیران کن بات ہے،سات سال پہلے بنی گالہ میں ایک ویران مکان تھا اب وہ مافیا کا پرکشش محل بن چکا ہے۔۔ پلوشہ خان نےسوال کیا کہ عمران خان اگر صادق اور امین ہیں تو الیکشن کمیشن سے کیوں بھاگتے ہیں؟ آٹا اور چینی بحران پیدا کرکے لوٹ مار کرنے والے سرغنہ بھی عمران خان ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایل این جی کی مہنگی قیمت پر خریداری میگا کرپشن کا نیا انداز ہے،عمران خان کا کرپشن بیانیہ فلاپ ہو کر پٹ چکا اور وہ خود بھی بے نقاب ہو گئے ہیں۔