چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ایک اور ریفرنس بھیجا جائیگا، فواد ،مسرت جمشید 

  چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ایک اور ریفرنس بھیجا جائیگا، فواد ،مسرت جمشید 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ آج کل پی ٹی آئی کے لئے قانون کچھ اور باقیوں کیلئے کچھ اور ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے عدالتی نظام پر ایک کھلم کھلا حملہ ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک اور ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بھیجا جائے، اس وقت چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت ایک کلرک سے زیادہ نہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ ہماری معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے، پاکستان کے معاملات چلانے والے لوگ اس وقت بالکل بھی سنجیدہ نہیں، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ طے ہے، اس حکومت پر الیکشن کے نام سے کپکپی طاری ہوجاتی ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت کلرک سے زیادہ نہیں ہے، ہم عدالت جا رہے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو کام سے روکا جائے، اگر آپ نے الیکشن نہیں کرانے تو جا کر دال چاول فروخت کریں۔دوسری طرف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہسندھ کے سیلاب زدگان کی امداد کے پیسے سے زرداری نے تحریک انصاف کے ممبران کو خریدنے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ سندھ کی عوام زرداری سے پوچھے گی کہ ان کے پیسے یہ ممبران کو خریدنے پر کیوں لگاتے رہے۔ الیکشن کمیشن سے سوال ہے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو تو موجود ہیں تو انکے خلاف کب کارروائی ہو گی۔ ملک میں آٹا دگنی قیمت میں مل رہا ہے، گیس اور بجلی کی قیمت بڑھنے سے انڈسٹری بند ہو چکی ہے۔ انڈسٹری بند ہونے سے آج پاکستان میں ریکارڈ بے روزگاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے زمان پارک میں سینئر رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نالائق، نا اہل چور، کرپٹ اور غیر ملکی ایجنٹوں کی حکومت ہے۔ پاکستان کی عوام امپورٹڈ حکومت سے بدلہ لینے کیلئے تیار بیٹھی ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کے دن اسلام آباد میں پولنگ سٹیشنز کو تالے لگائے گئے۔ عوام کے فیصلے سے یہ واقف ہیں اس لئے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ ٹویٹر پر اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے قانون کو مذاق بنا دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کمشن کا عملہ غائب ہے۔ جمہوریت کا راگ الاپنے والے سب سے بڑے آمر ثابت ہوئے ہیں۔ عدالتی حکم کی یوں خلاف ورزی پر عوام کا عدالتی نظام سے اعتبار اٹھ جائے گا۔ قانون اور انصاف کے نظام کو امپورٹڈ حکومت نے برباد کر دیا۔ امپورٹڈ حکومت نے اپنی کرپشن کا پیسہ بچانے کیلئے قوانین بدل دیئے۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں کرتوت بدلنے کی بجائے قانون بدلے جاتے ہیں۔ شہباز شریف نے پیٹ زرداری کا پھاڑنا تھا لیکن ہتھے عوام چڑھ گئی۔ امپورٹڈ حکومت میں کرپشن پر سزا دینے کی بجائے وزارتیں دی جاتی ہیں۔ مسرت جمشید نے کہا کہ ملک کو دیوالیہ کر کے بیرون ملک فرار ہونیوالوں کو بھی عوام جانتے ہیں۔ چوروں کی قسمت میں بھاگنا ہی لکھا ہے۔ کبھی ملک سے، کبھی کیسز سے اور کبھی الیکشن سے بھاگتے ہیں۔
فواد چودھری

مزید :

صفحہ اول -