الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم
ادارہ دارالسلام یکم جولائی2015ء کو کرنل ڈاکٹر سلامت اللہ مرحوم کی37ویں برسی منا رہا ہے۔دارالسلام لائبریری، دارالسلام مسجد اور گلشن ریسٹورنٹ ہمیشہ الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم کی یاد تازہ کرتے رہیں گے۔ مسجد دارالسلام1961ء میں تعمیر ہوئی اور1966ء میں دارالسلام لائبریری قائم کی گئی۔ آپ ایک مخلص علم دوست انسان تھے۔ مساجد، کتب خانے اور علمی مجالس سے انہیں گہری دلچسپی تھی۔باغ جناح لاہور کے خوشگوار ماحول میں واقع دارالسلام کتب خانہ آپ کی علم پروری کا عملی ثبوت ہے۔ یہ کتب خانہ ہمارے تاریخی ورثے اور درخشاں روایات کی عکاسی کرنا ہے۔ آپ نے اس کتب خانے کو مروجہ علوم و فنون کی ترسیل کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب اور اخلاقی روایات کی آبیاری کا ذریعہ بھی بنایا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو علم و شرافت سے نوازا تھا۔ ان کے نقشِ قدم پر چل کر بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔
آپ ایک عظیم انسان تھے اور اعلیٰ پایہ کے منتظم بھی آپ نے اپنے خونِ جگر سے اس ننھے منھے پودے کی آبیاری کی۔ لائبریری کے قیام سے قبل آپ میڈیکل اور انجینئرنگ کے غریب طلبہ کو اپنی جیب سے قرضِ حسنہ کے طور پر وظائف دیتے تھے۔نومبر1969ء میں اس کی توسیع کی گئی۔ 1971ء میں بالائی منزل تعمیر ہوئی۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر1993-94ء میں ایک نئے ہال کا اضافہ کیا گیا۔ لائبریری اورمسجد دارالسلام کا انتظام چلانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ خوبصورت پُرسکون ماحول،معیاری کتب، اتوار کے روز صبح9بجے تا9بجے شب کھلے رہنا اس کتب خانے کی امتیازی خصوصیات ہیں۔
اس وقت لائبریری میں47ہزار کتب موجود ہیں۔ 80سے زائد رسائل انگریزی اور مشرقی زبانوں میں مطالعہ کے لئے دستیاب ہیں۔ تقریباً تمام مقامی اخبارات، ہفتہ وار اور پندر واڑھے قارئین کے استفادہ کے لئے مہیا کئے جاتے ہیں۔ 22ہزار معیاری کتب پر مبنی ڈیجیٹل لائبریری اس کتب خانے کی زینت ہے۔ لائبریری مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ ہے اس میں200افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔لائبریری میں انٹرنیٹ، پرنٹر فوٹو کاپی کی سہولت موجود ہے۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر لائبریری کی توسیع کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کتب خانے کی مکمل آٹو میشن کے لئے پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن کے تعاون سے جدید کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے۔ لائبریری کی کتب اور دیگر علمی مواد کی کمپیوٹرائزیشن کا کام جاری ہے۔ قارئین کی عادات مطالعہ اور علمی ذوق کی آبیاری کے لئے علمی و ادبی مجالس کا انعقاد باقاعدگی سے جاری ہے۔