اسلام آباد:تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات گہما گہمی ا ور انتخابی مہم جاری
وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکا موسم چند روز کی شدیدگرمی کے بعد ایک بار پھر موسلادھار بارش کے باعث خوشگوار ہوگیا اور روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیا،رمضان المبارک کے روزے ایک ایک کرکے اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہے ہیں ،پہلا عشرہ ختم ہونے کے ساتھ ہی بازاروں میں عید کی خریداری کرنیوالوں کارش بھی بڑھنا شروع ہوگیا ہے جو 20ویں روزے کے بعد اپنے عروج پر پہنچ جائے گا،ایم کیو ایم کے را سے تعلقات ،پاک بھارت بڑھتی کشیدگی ،اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات،ڈاکٹر طاہرالقادری کی ایک بارپھر پاکستان آمد،کراچی میں گرمی اورلوڈشیڈنگ سے ہونیوالی ہلاکتیں ان دنوں وفاقی دارالحکومت کے سیاسی ،عوامی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اللہ تعالی نے ایک بار پھر نئی زندگی عطاء کی ہے،2013ء کے الیکشن میں سٹیج پر چڑھتے ہوئے وہ لفٹ سے گر گئے تھے اب ایک بار پھر انکا ہیلی کاپٹر لاہور سے اسلام آباد آتے ہوئے خراب موسم کے باعث ہچکولے کھانے لگا جس سے خدشہ پیداہوگیا تاہم پائلٹ نے حاضردماغی اورکمال مہارت سے جرات کامظاہرہ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو بحفاظت زمین پر اتارلیا،کامیاب لینڈنگ سے ہیلی کاپٹر حادثے سے بچ گیا جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہیلی کاپٹر بحفاظت لینڈ کرگیا اللہ تعالی نے مجھے نیا پاکستان بنانے کیلئے نئی زندگی دی ہے۔
پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارت کی طرف سے مداخلت اور تخریبی کاروائیوں کا سلسلہ ایک عرصہ سے جاری ہے اور بھارت کوئی ایسا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش والا نہ ہو گزشتہ دنوں اسی حوالے سے بی بی سی نے ایم کیو ایم اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے گٹھ جوڑ کاانکشاف کیا ، پاکستان نے بی بی سی کی رپورٹ میں بھارت کی جانب سے ایم کیو ایم کو مالی مدد اور کارکنوں کو عسکری تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے انکشافات سامنے آنے کے بعد معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی کو بھی نیو یارک سے پاکستان طلب کر لیا گیا ہے جو اسلام آباد پہنچ چکی ہیں،ملیحہ لودھی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گی جس کے بعد وہ بی بی سی کی رپورٹ کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کو خط لکھیں گی جس میں بھارتی فنڈنگ کے حوالے سے سوال اٹھایا جائے گا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کابھارت کے ساتھ موجودہ صورتحال پر کہنا تھا کہ بھارت معاملات میں سنجیدگی دکھائے تو جواب دینے کیلئے تیار ہیں، طارق فاطمی کاکہناتھاکہ سرد جنگ کا زمانہ ختم ہو چکا ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے پاکستان نے پہل کی، لیکن بھارت نے ممبئی حملوں کے گواہوں سے تفتیش کیلئے پاکستان کو رسائی نہیں دی اور نہ ہی سمجھوتہ ایکسپریس کے سانحے کا ذکر کرتا ہے، دفتر خارجہ کی طرف سے سخت زبان کے استعمال سے گریز کیا جاتا ہے ،بھارت نرم لہجے کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھے، پاک افغان تعلقات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، دہشت گردی سے متعلق امریکی رپورٹ پرانی بات ہے، ہم پاک سر زمین سے ایک ایک دہشت گرد کا خاتمہ کر رہے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کاکہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور را کے درمیان رابطوں کا معاملہ اب وفاقی حکومت کے پاس ہے، اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں، را سے تعلق ثابت ہونے پر ایم کیو ایم کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیئے۔ایم کیو ایم کی نسرین جلیل کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کو خط لکھنے کے معاملے پر رحمان ملک نے کہا کہ یہ معاملہ سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ میں اٹھایا جائے گا،جو بھی ملک دشمنی کے اقدام میں ملوث ہو گا وہ ہمارا دوست نہیں دشمن سمجھا جائے گا۔
جب سے پاکستان اور چین کے مابین اربوں ڈالر کے معاہدے ہوئے ہیں اور خاص کر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے بھارت کو دن کا چین میسر ہے نہ رات کاسکون ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے دوراستوں ایم ایٹ اور این پچاسی سہراب، تلار، دشت، تربت اور خضدار کا دورہ کیا انکا کہنا تھا کہ ان روٹس کو بروقت مکمل کیا جائیگا ، اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ مکمل ہونے سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دورکا آغازہوگا۔ اقتصادی منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان کے عوام کو ترقی اور روزگار کے بے پناہ مواقع اور فوائد حاصل ہوں گے اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی،بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور اس کے لئے حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کی کارکردگی پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری محمد اعظم نے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنردیا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات صباء محسن، پی آئی او راؤ تحسین، علی خان، ڈی جی الیکٹرانک میڈیا شفقت جلیل، ڈی جی الیکٹرانک میڈیا محمد سلیم، وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر حکام اور سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افطار ڈنر میں کراچی میں شدید گرمی سے بڑے پیمانے پر ہونے والی ہلاکتوں کی صورتحال، پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان آمد اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبصرے ہوتے رہے۔
اسلام آباد میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں اس حوالے سے تمام ترتیاریاں مکمل کی جارہی ہیں،امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ مکمل ہوچکا ہے ،شہر میں امیدواروں کی جانب سے کارنرمیٹنگز اور ڈورٹوڈور انتخابی مہم کا سلسلہ جاری ہے،سیاس رابطوں جوڑ توڑ میں تیزی آگئی ہے تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کی مدد کیلئے میدان میں کودچکی ہیں،عوام میں بھی اس حوالے سے جوش و خروش پایا جارہا ہے،انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے بعد انتخابی گہما گہمی میں مزید تیزی دیکھنے میں آئے گی شہروں کی نسبت اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی یونین کونسلوں میں انتخابی سرگرمیاں زیادہ جوش وخروش سے جاری ہیں۔ ***