"تعلیم بچاؤ تحریک"کے سلسلہ میں ڈویژنل افطارپارٹیوں کے پروگرام کا اعلان

"تعلیم بچاؤ تحریک"کے سلسلہ میں ڈویژنل افطارپارٹیوں کے پروگرام کا اعلان

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر )متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب نے"تعلیم بچاؤ تحریک"کے سلسلہ میں ڈویژنل افطارپارٹیوں کے پروگرام کا اعلان کردیا۔5جولائی کو گوجرانوالہ میں افطاری سے پروگراموں کا آغاز ہوگا۔ افطاریوں میں اساتذہ کے علاوہ سول سوسائٹی اور میڈیا کے افراد کو بھی مدعو کیا جائے گا۔اس بات کا اعلان متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب کے اجلاس میں کیا گیا جو چیئرمین طارق محمود کی زیر صدارت گذشتہ روز ایک مقامی سکول میں انعقاد پذیر ہوا۔اجلاس میں چوہدری محمد صفدر،حافظ غلام محی الدین،رانا سلطان محمود اختر، حافظ عبدالناصر ،ضراراحمد،راؤ محمد اکرم ساجد،محمد طارق چوہان اور میڈیاسیکرٹری کاشف شہزاد چوہدری کے علاوہ دیگر مقامی کارکنان نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے تقدس و احترام کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے احتجاجی جلسوں کی بجائے ڈویژنل سطح پر افطارپارٹیوں کے پروگرامات بنائے جائیں گے۔ہر پروگرام میں کم از کم ایک مرکزی نمائندہ ضرور شریک ہوگا۔ پروگرام میں شریک افرادکواحتجاجی تحریک کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا ۔ عیدالفطر کے بعد بڑے احتجاجی پروگرام کے سلسلہ میں افطار پارٹیوں کے شرکاء سے مشاورت بھی کی جائے گی۔

میڈیاسیکرٹری کاشف شہزاد چوہدری نے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 5جولائی بروز اتوار گوجرانوالہ ڈویژن کی افطاری سے پروگرام کا آغاز ہوگا۔6جولائی کو راولپنڈی ڈویژن،7جولائی کو فیصل آباد ڈویژن جبکہ11جولائی کو ملتان ڈویژن میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔دیگر اضلاع کے پروگرامات ڈویژنل پروگرام میں ہی طے کروائے جائیں گے۔7جولائی کوفیصل آباد میں افطاری کے موقع پر متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب کی سنٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں مستقبل کی پلاننگ کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن کو خوف و ہراس اور جھوٹ کے ماحول سے پاک کئے بغیرتحریک کا خاتمہ نہیں کریں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4