پولیس نے معمر خاتون کو خود سے ہی اشتہاری قرار دے دیا
لاہور(نامہ نگار )باغبانپورہ پولیس کا کارنامہ ،بیمار معمر خاتون کوبلیک میل کرنے کی خاطر خود سے ہی اشتہاری قرار دے دیا، چرس لے کر فرار ہونے کا الزام لگنے پرمعمر خاتون انصاف کے لئے سیشن عدالت پہنچ گئی ۔ایڈیشنل سیشن جج نعیم عباس کی عدالت میں بند روڈ کی ارشاد بی بی اپنے وکیل کی وساطت سے پیش ہوئی ،جہاں عدالت کو بتایا گیا کہ ارشاد بی بی پر باغبانپورہ پولیس نے ایک کلو چرس کا مقدمہ درج کیا ہے اور اس پر یہ الزام لگایا ہے کہ وہ چرس لے کر فرار ہوگئی ہے حالانکہ وہ بیمار ہے اور ایسا نہیں کر سکتی ہے۔عدالت کو مزید بتایا گیاکہ معمر خاتون 2014ء سے عدالت پیش ہو رہی ہے، تھانے کا تعمیل کنندہ ریاض معمر خاتون کو بلیک میل کر رہا ہے کہ وہ اشتہاری قرار دی جا چکی ہے،تعمیل کنندہ بھی مبینہ طور پرہر چکر پر ہزار روپے وصول کرتا ہے عدالت سے استدعا ہے کہ اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد تھانہ باغبانپورہ پویس سے آج یکم جولائی کو رپورٹ طلب کرلی ہے۔