پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا،خدیجہ فاروقی

پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا،خدیجہ فاروقی

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے اواگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوشربا مہنگائی کو جنم دے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی بجائے پٹرولیم لیوی سرچارج اور جنرل سیلز ٹیکس کا خاتمہ کرے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ ایشیائی آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے لیکن حکومت ان کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹیشن اخراجات بڑھیں گے جس کے اشیاء خوردونوش کے ساتھ ساتھ روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء مہنگی ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کو جواز بنا کر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا ۔اس لیے حکومت پٹرولیم مصنوعات میں اپنے ٹیکسوں کو ختم کرے اور اس کی قیمتوں میں اضافہ سے کرکے رمضان المبارک میں عوام کو تکلیف دینے سے باز رہے ۔انہوں نے کہا تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے ایشیائی آئل مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف تیل کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام کو مہیا کیا جائے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -