پی ٹی آئی شکست کے خوف سے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی ہے:پرویزملک

پی ٹی آئی شکست کے خوف سے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی ہے:پرویزملک

  

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر وممبرقومی اسمبلی محمدپرویزملک او رجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ PTIشکست کے خوف سے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی ہے،اگر الیکشن التواء کا شکارہوئے اس کے ذمہ دار عمران خان خودہونگے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ روز بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے جائزہ کمیٹیوں کے اجلا س سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں توصیف شاہ، چوہدری شہباز،میاں طارق،ملک وحید،اظہرفاروقی،سواتی خان ودیگر بھی تھے۔محمدپرویزملک نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)الیکشن کی بھرپورتیاری کررہی ہے،صوبائی حلقوں میں ممبران اسمبلی اور سینئرکارکنان پرمشتمل جائزہ کمیٹیاں تشکیل پا چکی ہیں جو ایک ہفتہ کے اندر اپنی سفارشات مرتب کرکے پارلیمانی بورڈ کے سامنے رکھیں گی، اس کے بعد فائنل امیدواروں کا چناؤ کیاجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ PTIمختلف جگہوں سے اکٹھاکیاگیا ریورڈ تھا جو تتربتر ہوچکا ہے جس کا اعتراف خود عمران خان نے کیاہے۔انہوں نے کہا PTIکو کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگراضلاع کے ضمنی الیکشن میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہوچکا ہے،وہ اپنی شکست سے بچنے کیلئے حلقہ بندیوں کا بہانہ بناکرراہ فرار حاصل کررہی ہے۔خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ الزام خان پاگل ہوچکے ہیں،دکھاؤں گا،کروں گا سن سن کر قوم کے کان پک گئے ہیں، جوڈیشل کمیشن میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے،انہیں وہاں بھی شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملا۔وہ ملک وقوم پر رحم کریں اور ملک کو آگے بڑھنے دیں۔انہوں نے کہا کہ جو دودھ اور شہدکی نہریں KPK میں بہہ رہی ہیں،وہ سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے ، لاہور سمیت پورے پنجاب سے شکست دیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -