صوبائی محتسب نے2014ء میں ساڑھے 26ہزار شکایات نمٹا ئیں

صوبائی محتسب نے2014ء میں ساڑھے 26ہزار شکایات نمٹا ئیں

لاہور(سپیشل رپورٹر )صوبائی محتسب( پنجاب) نے2014ء کے دوران مختلف سرکاری اداروں کے خلاف دائر کی گئی 26622 عوامی شکایات باقاعدہ انکوائری کے بعد نمٹا ئی ہیں ۔ اس عرصہ میں محتسب کو عوام کی جانب سے21899ہزار شکایات موصول ہوئی تھیں جبکہ2013ء کی زیرالتوا شکایات کی تعداد9776 تھی ۔ صوبائی محتسب نے گزشتہ برس 31675 شکایات پر کاروائی کی جبکہ ان میں سے 26622 کونمٹا دیا گیا ۔ یہ اعداد وشمار محتسب پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں بیان کئے گئے ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محتسب پنجاب کا دفتر 2014ء کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورکارکردگی کی وجہ سے لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب اورمتحرک رہا۔لوگوں نے محتسب پنجاب کے دفاترکی افادیت تسلیم کرتے ہوئے 21899 شکایات بھجوائیں جبکہ گذشتہ سال کے دوران محتسب پنجاب نے قومی و مقامی اخبارات اورالیکٹرانک میڈیا کی 11505 خبروں اورمیڈیا رپورٹس پر نوٹس لئے اور متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کو ریلیف دینے کی ہدایت کی ۔محتسب پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال کے دوران سب سے زیادہ شکایات محکمہ پولیس کے خلاف درج کروائی گئیں جبکہ محکمہ تعلیم دوسرے ، محکمہ مال تیسرے ، لوکل گورنمنٹ چوتھے اورمحکمہ صحت شکایات کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر رہے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محتسب پنجاب جاوید محمود نے محتسب پنجاب کے دفاتر کے وقار اورافادیت کیلے نئی جہتیں متعارف کرائی ہیں جن میں عوام کو ان کے گھرکے قریب ریلیف دینے کیلئے پنجاب میں پہلی مرتبہ ہر ضلع میں محتسب پنجاب کا دفتر قائم ہو چکا ہے اور فعالیت سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر