بجٹ میں صوبہ کے عوام کو نمایاں رعایتیں فراہم کی ہیں، مجتبیٰ شجاع

بجٹ میں صوبہ کے عوام کو نمایاں رعایتیں فراہم کی ہیں، مجتبیٰ شجاع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( خبرنگار) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے 2015-16ء کے بجٹ میں صوبہ کے عوام کو نمایاں رعایتیں فراہم کی ہیں جن میں گندم پر10 ارب روپے کی سبسڈی ، پانچ ارب روپے کا رمضان پیکج، ٹرانسپورٹ پر 3.5 ارب روپے کی سبسڈی اور مفت ادویات کی فراہمی کے لئے 10.8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے غریب اور کم آمدنی والے افراد کو معاشی و سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اتھارٹی 2ارب روپے کی لاگت سے اپنا پہلا منصوبہ شروع کر رہی ہے جس کے تحت معذور افراد کی امداد اور ان کی معاشی وسماجی بحالی کے لئے ماہانہ وظائف دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مضان بازاروں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے منتخب نمائندے اور ضلعی انتظامیہ کے ارکان اور ضلعی انتظامیہ رمضان بازاروں کا دورہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پررمضان المبارک کے دوران سستے رمضان بازاروں کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے خصوص سٹال بھی رمضان بازاروں میں لگائے گئے ہیں اور اعلی کوالٹی کی سبزیاں اور پھل دستیاب ہیں جبکہ مصنوعی قلت اور مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور صوبہ میں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت خود روزگار سکیم کے تحت ادارہ اخوت کو 2 ارب روپے بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لئے فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ 2 ۔ارب روپے کی لاگت سے ہیلتھ انشورنس بھی شروع کی جائے گی۔ حکومت لاوارث اور بے سہارا بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ تعمیر کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور ، ساہیوال میں26 کروڑ روپے کی لاگت سے اداروں کی تعمیرشروع ہو چکی ہے اس کے علاوہ ملتان ، لودھراں، پاکپتن، قصور، لیہ ، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں بے سہارا خواتین کے لئے دارالامان قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد کی فلاح و بہبود پر بھی حکومت پنجاب کی خصوصی توجہ ہے اور صوبہ میں 250 اداروں میں 29 ہزار خصوصی طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں جنہیں رہائش، کھانا، امدادی آلات اور یونیفارم مفت فراہم کئے جاتے ہیں اور وظائف بھی فراہم کئے جا رہے ہیں ۔

مزید :

علاقائی -