پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی ، قومی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے ، نواز شریف

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی ، قومی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیراعظم نواز شریف نے اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مفاد میں پٹرولیم مصنوعات کی پرانی قیمتیں برقرار رہیں گی ، حکومت اپنی جیب سے اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی دے گی ، بجلی اوپر نیچے ہو تو پریشان نہ ہوا کریں ، بجلی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، تھوڑی بہت لوڈ شیڈنگ پر عوام ہمت دکھائیں ، پچھلے برسوں کے مقابلے میں حالات بہت بہتر ہیں ، جن علاقوں میں بجلی چوری ہورہی ہے وہاں لوڈ شیڈنگ کررہے ہیں ، میٹرو بس کے مخالفین ہی آج اس کی سپورٹ کررہے ہیں ، اگر ہم نے دیانتداری سے پیسے بچا کر میٹرو بس بنا رہے ہیں تو کسی کو کیا مسئلہ ہے ؟ کبھی نہیں کہا کہ 6 ماہ میں یا ایک سال میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے لیکن پورا یقین ہے کہ اپنے دور حکومت میں بجلی کا مسئلہ حل کردیں گے ، کشمیر ہائی وے کی تعمیر نو کا منصوبہ کئی سال تعطل کا شکار رہا جو افسوس ناک ہے ، کشمیر ہائی وے منصوبے پر ہونیوالی بے قاعدگیوں اور بد عنوانیوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں ، قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے ۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی وے سگنل فری توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھنے پر خوشی محسوس کررہا ہوں ، اسلام آباد ہائی وے سگنل فری توسیعی منصوبہ دارالحکومت کا بڑا منصوبہ ہے ، شاہراہ کشمیر کو بھی جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر ہائی وے منصوبے میں ہونیوالی بے قاعدگیوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں ، قومی منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے ، کشمیر ہائی وے کا منصوبہ کئی سال تعطل کا شکار رہا جو کہ افسوسناک ہے ، قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا حساب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پوری کوشش ہے کہ روات کو موٹروے سے ملایا جائے ، اسلام آباد کی سڑکوں کی مرمت کیلئے سی ڈی اے کو 5 ارب روپے دیئے ہیں ، اسلام آباد میں سڑکوں کی لائن مارکنگ ہونی چاہیے ، اسلام آباد کی شاہراؤں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کی ہے ، ملک میں صرف سڑکوں ہی نہیں بلکہ ہسپتالوں ، توانائی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ، حکومت پاکستان دیانتداری سے ان منصوبوں پر کام کررہی ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ میٹرو بس کے مخالفین بھی اب اس کے حق میں بات کرتے ہیں ، اگر ہم دیانتداری سے کام کرکے پیسے بچا کر میٹرو بس بناتے ہیں تو اس سے کسی کو کیا فرق پڑتا ہے ، بہارہ کہو میں اوور ہیڈ برج بنانے کا منصوبہ ہے ، بہارہ کہو اوور ہیڈ برج سے مری جانیوالوں کو سہولت ملے گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ پر اندرو بیرون ملک پروزوں کیلئے الگ الگ ٹرمینلز بنائے جائیں گے ، لاہور اسلام آباد موٹروے کی تعمیر و مرمت کا کام بھی جاری ہے ، منصوبے کی تکمیل سے موٹروے کی عمر 15 سال بڑھ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی سے 36 سو میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں ، بجلی کی قلت دور کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ، 2017ء کے آخر تک بجلی کی قلت کا خاتمہ کردیں گے ۔ رواں سال لوڈ شیڈنگ گزشتہ سال کی نسبت کم ہے ، چاہتے ہیں کہ بجلی عوام کو کم قیمت پر میسر ہو، ہمارے دور میں بجلی کی قیمت میں 5 روپے 32 پیسے کمی ہوئی ، قوم کے سامنے سچ بات کرنی چاہیے کبھی نہیں کہا کہ 6 ماہ میں یا ایک سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے ، اپنے دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا کہا تھا ، پورا یقین ہے کہ اپنے دور حکومت میں یہ مسئلہ حل کرلیں گے ۔ وزارت پٹرولیم کو بھی گیس سے 1000 میگاواٹ بجلی پید اکرنے کا ہدف دیا ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو مسترد کرتے ہیں ، بین الاقوامی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں جس کی وجہ سے یہاں بھی بڑھی چاہئیں تھیں تاہم عوام کے مفاد میں پرانی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں ۔ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت 4.26 پیسے بڑھانے کی تجویز آئی تھی جسے مسترد کردیا ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی حکومت اپنی جیب سے دے گی ، وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ مزید کم ہو جائے گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کا دورہ کررہا ہوں ، کراچی میں بھی میٹرو جیسا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس کے بعد اب کراچی بھی مختلف نظر آئے گا ۔

مزید :

صفحہ اول -