مسائل کے ھل کی ہدایت پر اے پی این ایس اور سی پی این ای کا وزیراعظم سے اظہار تشکر

مسائل کے ھل کی ہدایت پر اے پی این ایس اور سی پی این ای کا وزیراعظم سے اظہار ...

  

کراچی( پ ر) اے پی این ایس اور سی پی این ای نے پرنٹ میڈیا سے متعلق طویل عرصے سے زیرالتواء معاملات طے کرنے اور وزارت اطلاعات اور دیگر وزارتوں کے ذمہ چلی آ رہی ادائیگی فوری طور پر کیے جانے کی ہدایت کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور سی پی این ای کے صدر مجیب الرحمن شامی نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور کونسل آف پاکستان نیوز کی طرف سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بقایا جات کا طویل عرصہ سے زیر التواء مسئلہ حل کرانے کے بارے میں خصوصی توجہ دی۔ اس مسئلے کی وجہ سے اخباری صنعت کے لیے شدید مالی دباؤ پیدا ہو گیا تھا، جبکہ وفاقی حکومت اور اخباری صنعت کے درمیان تعلقات بھی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس فیصلے کی بدولت اخبارات اور اشتہاری ایجنسیوں کو در پیش مالی مسائل حل ہونے سے میڈیا کو خاصی مدد ملے گی اور وفاقی حکومت کے ساتھ اخباری صنعت کے خوشگوار تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا۔

اے پی این ایس اور سی پی این ای کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے سترہ جون کو وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں انہیں حکومت کے ذمہ بقایاجات کو تفصیل سے آ گاہ کیا گیا تھا اور انہیں بتایا گیا تھا کہ وزارت اطلاعات دیگر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ذمہ مجموعی طور پر 79 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، وزیر اعظم نے اے پی این ایس کی استدعا پر وزارت اطلاعات کو یہ بھی ہدایت کی کہ سرکاری اشتہارات کے نرخ فوری طور پر بڑھا دیے جائیں جس کا کافی عرصہ پہلے وعدہ کیا گیاتھا، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم کی یقین دہانیوں اور ہدایات پر مزید کسی تاخیر کے بغیر عملدرآمد کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -