انڈونیشیا میں فوجی طیارہ حادثہ، 141 لاشیں برآمد، آپریشن جاری

انڈونیشیا میں فوجی طیارہ حادثہ، 141 لاشیں برآمد، آپریشن جاری
انڈونیشیا میں فوجی طیارہ حادثہ، 141 لاشیں برآمد، آپریشن جاری

  

جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا میں شمالی سماترا میں ایک مال بردار فوجی طیارے کے ایک رہائشی علاقے پر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 141 ہو گئی ۔حکام کے مطابق منگل کو مدان نامی شہر میں چار انجن والا ہرکیولیس سی 130 طیارہ رہائشی آبادی میں ہوٹل پر گر کر تباہ ہو گیاجس کی وجہ سے اتنی زیادہ ہلاکتیں ہوئیں ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس پر سوار 113 افراد میں سے کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا جبکہ زمین پر موجود درجنوں افراد بھی اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ ان کے مطابق ابھی تک جائے حادثہ سے 141 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔فوجی اور امدادی کارکن ملبے سے لاشوں کو نکالنے میں لگے رہے۔

ابتدائی طورپر حادثے کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پرواز کے فورا بعد پائلٹ کو بعض تکنیکی مسائل کی وجہ سے فوری طور پر واپسی کا حکم دیا گیا تھا۔

فوج کے ایک ترجمان فواد باسیا نے کہا ہے کہ طیارہ دوپہر 12 بج کر آٹھ منٹ پر فضائیہ کے اڈے سے اڑا تھا اور دو منٹ بعد ہی پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر شہر میں گر کر تباہ ہو گیا۔فوجی ترجمان کے مطابق طیارے پر عملے کے کم از کم 12 افراد سوار تھے۔ اس کے علاوہ اس میں سوار مسافروں میں زیادہ تر فوجیوں کے رشتہ دار تھے اور انھیں دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا۔

مزید : بین الاقوامی