بھارتی بحریہ: سمندری حدود کی نگرانی بڑھانے کیلئے 48 لڑاکا جہازوں کی تیاری

بھارتی بحریہ: سمندری حدود کی نگرانی بڑھانے کیلئے 48 لڑاکا جہازوں کی تیاری
بھارتی بحریہ: سمندری حدود کی نگرانی بڑھانے کیلئے 48 لڑاکا جہازوں کی تیاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی بحریہ اپنے طور پر 48 لڑاکا جنگی بحری جہاز تیار کررہی ہے جن سے سمندری نگرانی اور سمندری حدود کے دفاع کی اس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ یہ بات بھارتی نیوی کے وائس چیف وائس ایڈمرل پی موروگیسن نے صحافیوں کو نئی دہلی میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی نیوی ائرکرافٹ کیرئر، فریگٹس، ڈیسٹرائرز، آبدوزیں کارویٹس اور فاسٹ اٹیک کرافٹس بھارتی شپ یارڈ میں تیار کررہی ہے۔

بھارتی وائس نیول چیف گزشتہ روز اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جس میں 3 واٹر جیٹ فاسٹ اٹیک جہاز بحریہ میں آپریشنل کئے گئے۔ وائس ایڈمرل پی موروگیسن نے کہا کہ گارڈن ریچ شپ بلڈرز اینڈ انجینئرز لمیٹڈ نے ہمارے لئے اب تک 94 بحری جنگی جہاز تیار کئے، ہم ہر قسم کے جنگی جہاز خود تیار کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشنل ہونے والے واٹر جیٹ فاسٹ اٹیک جہازوں کے نام تراموگلی، تلنچنگ اور تہایو رکھے گئے ہیں جنہیں گارڈن ریچ شپ بلڈرز نے ہی تیار کیا۔ چینی آبدوز کے بحیرہ عرب عبور کرکے کراچی کی بندرگاہ میں داخل ہوجانے کے سوال پر وائس نیول چیف نے کہا کہ یہ کوئی بڑی تشویش کا معاملہ نہیں ہم علاقے میں ایسی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر گارڈن ریچ شپ بلڈرز کے منیجنگ ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل ”ر“ اے کے ورما نے بتایا کہ مزید 2 واٹر جیٹ فاسٹ اٹیک جہاز اس سال کے آخر تک بحریہ میں شامل کردیئے جائینگے۔ انہوں نے بتایا کہ 315 ٹن وزن اٹھانے کے ساتھ 35 ناٹیکل میل فی گھنٹہ کی رفتار سے واٹر جیٹ فاسٹ 2 ہزار ناٹیکل میل تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس میں ایم ٹی یو 4 ہزار سیریز کے طاقتور انجن اور ایڈوانس مشینری کنٹرول سسٹم نصب کیا گیا ہے جبکہ سی آر این 91 30 ملی میٹر کی گنز بھی لگائی جارہی ہیں۔ یہ جہاز سمگلروں، منشیات فروشوں کی نقل و حرکت ختم کرنے سمندری حدود کی نگرانی کیلئے استعمال ہونگے۔