یمن کی ایک اور جیل سے القاعدہ کے مبینہ جنگجوﺅں سمیت 1200قیدی فرار

یمن کی ایک اور جیل سے القاعدہ کے مبینہ جنگجوﺅں سمیت 1200قیدی فرار
یمن کی ایک اور جیل سے القاعدہ کے مبینہ جنگجوﺅں سمیت 1200قیدی فرار

  

صنعاء(مانیٹرنگ ڈیسک) یمن میں ایک جیل توڑ کر القاعدہ کے مبینہ جنگجوﺅں سمیت 1200 کے قریب قیدی فرار ہوگئے ہیں ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جیل توڑنے کا یہ واقعہ یمن کے وسطی شہر تعز میں جھڑپوں کے دوران پیش آیاتاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ قیدی کیسے فرار ہوئے ۔

سرکاری خبررساں ادارے سبا نے ایک سکیورٹی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ جیل پر القاعدہ کے حامیوں نے حملہ کیا تھا،تاہم ایک اور اہلکار نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ مخالف گروہوں کے درمیان شدید لڑائی کے دوران جیل سے قیدی فرار ہوئے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا ایک سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ حوثی باغیوں اور مخالف گروہ کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران سکیورٹی گارڈز نے اپنی چوکیاں خالی چھوڑ دی تھیں۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو شروع ہونے والی یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی فضائی بمباری سے اب تک جیل توڑنے کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔

مزید : بین الاقوامی