بظاہر معصوم نظر آنے والی ایک تصویرجس نے سعودی عرب میں ہنگامہ کھڑا کر دیا ، حکام نے تحقیقات شروع کر دی

بظاہر معصوم نظر آنے والی ایک تصویرجس نے سعودی عرب میں ہنگامہ کھڑا کر دیا ، ...
بظاہر معصوم نظر آنے والی ایک تصویرجس نے سعودی عرب میں ہنگامہ کھڑا کر دیا ، حکام نے تحقیقات شروع کر دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) نئی نسل میں سوشل میڈیا کی مقبولیت انتہاﺅں کو چھورہی ہے اور خصوصاً سیلفی کا شوق تو گویا قابو سے باہر ہوگیا ہے۔ سعودی عرب میں ایک نوعمر لڑکے نے اس شوق کو انتہائی غیر متوقع اور افسوسناک رخ دے کر انٹرنیٹ صارفین کو حیران، پریشان اور مشتعل کردیا ہے۔
اخبار ”گلف نیوز“ کے مطابق ایک نوعمر لڑکے نے اپنے مردہ دادا کے ساتھ سیلفی بنائی اور اس کے ساتھ ”خدا حافظ دادا جی“ لکھ کر اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا، جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین میں ہلچل برپا ہوگئی اور حکام سے پرزور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ناہنجار پوتے کی تلاش کی جائے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق سیلفی ایک ہسپتال کے کمرے میں بنائی گئی جہاں معمر شخص کی لاش گھر منتقلی سے پہلے علیحدگی میں رکھی گئی تھی۔ مدینہ شہر میں پبلک ریلیشنز اینڈ میڈیا کے سربراہ عبدالرزاق حافدے کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے حکام تحقیق کررہے ہیں کہ مذکورہ سیلفی علاقے کے کسی ہسپتال میں تو نہیں بنائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی ہسپتال میں مذکورہ سیلفی بننے کے ثبوت ملے تو تمام ذمہ داران کے خلاف غیر اخلاقی عمل کو روکنے میں ناکامی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی حکام غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی رویے کا مظاہرہ کرنے والے لڑکے کے خلاف بھی ایکشن لیں گے۔
سماجی و نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض نوعمر افراد توجہ کے شدید طلبگار ہوتے ہیں اور اس کے حصول کیلئے عجیب و غریب حرکتیں‘ مثلاً لڑائی جھگڑے، تیز رفتاری اور بلند آواز میں موسیقی سننے جیسی حرکتیں کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مردہ دادا کے ساتھ سیلفی پوسٹ کرنے والا لڑکا بھی غالباً اسی قسم کے مسائل کا شکار ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -