’مبارک ہو آپ کا 45 لاکھ روپے کا انعام نکل آیا ہے‘ ایک پیغام جو خاتون کی جان لے گیا، آپ بھی جانئے اور ایسے دھوکے میں کبھی نہ آئیں
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)موبائل فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے فراڈ بہت عام ہو چکے ہیں۔ بہت سوں کو ایسے ایس ایم ایس یا ای میلز موصول ہوتی ہیں جن میں انہیں انعام نکلنے کی خوشخبری دی جاتی ہے اور پھر انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے مختلف حیلوں سے نوسرباز رقم کا تقاضا کرتے ہیں اور بہت سے سادہ لوح افراد ان نوسربازوں کا اعتبار کرکے بھاری مالی نقصان اٹھا بیٹھتے ہیں۔ ایسے کسی بھی نوسرباز کے دھوکے میں آنے سے قبل بھارت کی اس خاتون کی المناک کہانی سن لیجیے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر بنگلور کی رہائشی پلک وی نامی 44سالہ خاتون کوموبائل فون پر ایک ایس ایم ایس موصول ہوا کہ اس کا 45لاکھ روپے کا انعام نکلا ہے لہٰذا وہ انعامی رقم لینے کے لیے نیچے دیئے ہوئے نمبر پر رابطہ کرے۔ایک آئی ٹی ماہر کی بیوی پلک وی نے اپنے شوہر و دیگر کسی بھی فیملی ممبر کو بتائے بغیر ان نوسربازوں کو فون کیا۔ انہوں نے پلک سے کہا کہ انعامی رقم کی کسٹم کلیئرنس و دیگر معاملات کے لیے رقم درکار ہے۔ لہٰذا وہ یہ رقم ادا کر دے، اس کے بعد اسے انعامی رقم مل جائے گی۔
پاکستانیوں کیلئے شاندار آفر متعارف، اگر آپ بھی سستا ترین فضائی ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو تفصیلات جاننے کیلئے یہاں کلک کریں
رپورٹ کے مطابق پلک نے جب پہلی بار رقم ادا کر دی تو نوسربازوں نے اسے اچھا شکار جانتے ہوئے مزید رقم اینٹھنی شروع کر دی۔ یوں 6سے 13جون کے درمیان ایک ہفتے میں پلک نے نوسربازوں کو ان کے 4بینک اکاﺅنٹس میں 11لاکھ روپے بھجوادیئے۔ اس کے بعد نوسربازوں نے اسے نئی دہلی بلایا اور کہا کہ یہاں آ کر رقم لے لو۔ خاتون اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر نئی دہلی پہنچ گئی۔ یہاں آ کر جب اس نے ملزمان سے فون پر رابطہ کیا تو انہوں نے طنزاً کہا کہ ”جب تک تمہارے پاس موجود رقم ختم نہیں ہو جاتی تمہیں انعامی رقم نہیں مل سکتی۔“ اس پر خاتون سمجھ گئی کہ اسے بے وقوف بنایا گیا ہے۔ وہ واپس بنگلور چلی گئی اور گھر میں جراثیم کش کیمیکل پی کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم گھر والوں نے بروقت طبی امداد دے کر اسے بچا لیا۔ جب اس کے شوہر اور 2بیٹوں نے اس اقدام کی وجہ پوچھی تھی اس نے فراڈ کے متعلق انہیں بتا دیا۔ گھر والوں نے اسے تسلی دی اور کہا کہ ہم پولیس میں رپورٹ درج کروا دیں گے، تم پریشان مت ہو مگر اس کا رنج کم نہ ہوا۔ اگلے روز جب گھر والے پولیس سٹیشن جانے کی تیاری کر رہے تھے ، پلک نے اپنے کمرے میں پنکھے سے پھندہ لے کر خودکشی کر لی۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور بینکوں سے رقم کی منتقلی کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا اور ملزمان کی تلاش کی کوشش کی جا رہی ہے۔