مصر‘طیارے کے بلیک باکس سے جہاز میں دھوئیں کی موجودگی کی تصدیق

مصر‘طیارے کے بلیک باکس سے جہاز میں دھوئیں کی موجودگی کی تصدیق

قاہرہ (اے پی پی)مصر کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ حادثے کا شکار ہونے والے مصری فضائی کمپنی کے طیارے کے بلیک باکس سے جہاز میں دھوئیں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مصری حکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تباہ ہونے والے جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر یا بلیک باکس کی فرانس میں کامیابی کے ساتھ مرمت کر لی گئی ہے۔حکام کے مطابق جہاز کے خودکار الیکٹرانک نظام نے پیغام بھیجا تھا کہ ٹوائلٹ اور کک پٹ کے نیچے نصب الیکٹرانک آلات کے حصے میں دھوئیں کی نشاندہی کرنے والے آلات بند ہو گئے ہیں۔

حکام کے کا کہنا ہے کہ یہ پیغام اس وقت بلیک باکس میں ریکارڈ ہوا جب اس کے چند منٹ بعد جہاز حادثے کا شکار ہو گیا۔بیان کے مطابق جہاز کے سامنے والے حصے پر بہت زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے نشانات ملے ہیں۔حادثے میں جہاز کے دوسرے بلیک باکس کو نقصان پہنچا تھا اور اس کی پیرس میں مرمت کی جا رہی ہے۔امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس سے حاصل ہونے والی معلومات سے ماہرین حادثے کی وجوہات بیان کر سکیں گے۔واضح رہے کہ 19 مئی کو ایجپٹ ایئر کی پیرس سے قاہرہ جانے والی پرواز ایم ایس 804 بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہونے سے 66 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید : عالمی منظر