سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر میں یکساں کارگو ریٹس نافذ کرے:لاہورچیمبر

سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر میں یکساں کارگو ریٹس نافذ کرے:لاہورچیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر میں یکساں کارگو ریٹس نافذ کرے کیونکہ لاہور ایئرپورٹ پر بھاری اوورچارجنگ کی وجہ سے امپورٹرز نے اپنے کاروبار دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کرلیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، کراچی القیرہ عتیق سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن خواجہ خاور رشید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ناصر سعید نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن انتظامیہ کی رضامندی سے اوورچارجنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے امپورٹرز نے دیگر ایئرپورٹس کا رخ کرلیا ہے۔ لاہور چیمبر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی توجہ متعدد بار اس جانب مبذول کرائی لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ سے وابستہ کچھ بڑے اداروں نے لاہور چیمبر کو اس سلسلے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے جنہیں دور کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ ہر جگہ کارگو چارجز کا یکساں نفاذ یقینی بنائے کیونکہ یہ ایک وفاقی ٹیکس ہے اور اس کی صرف کمپیوٹرائزڈ رسید جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شپمنٹ اسی دن کلیئر کرالی جائے تو اس پر پانچ فیصد کے بجائے دو فیصد کارگو چارجز لاگو کیے جائیں۔ ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹس، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، کراچی القیرہ عتیق نے کہا کہ تاجروں کے حقیقی تحفظات ترجیحی بنیادوں پر دور کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر لاہور چیمبر کا دورہ کیا ہے ۔
جس کا مقصد تاجروں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

مزید :

کامرس -