سرکاری ہسپتالوں کا نظام ٹھیکے پر دینے کے سسٹم کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

سرکاری ہسپتالوں کا نظام ٹھیکے پر دینے کے سسٹم کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے سرکاری ہسپتالوں کے نظام کو ٹھیکے پر دینے کے سسٹم کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ عید الفطر کے بعد باقاعدہ احتجاجی تحریک کاآغاز کیا جائے گا اور سڑکوں پر دما دم مست قلندر ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین یوسف بلا، میڈیا ایڈوائزر ارشد بٹ ، جنرل سیکرٹری رحمت سندھو نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی چیئرمین یوسف بلا نے کہا کہ پنجاب حکومت ، محکمہ صحت اور سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ ہسپتالوں کے نظام (فل سروس) کو ٹھیکہ پر دینا چاہتے ہیں جو کہ سراسر ملازمین کش پالیسی ہے

انہوں نے کہا کہ اس سسٹم سے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی متاثر ہو گی۔

ہسپتالوں میں کام کرنے والے ملازمین کی حق تلفی اور مسائل بڑھ جائیں گے۔ ہم ملازمین کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے ۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ہسپتالوں کی ایڈمنسٹریشن ہوش کے ناخن لے ۔ ورنہ عید الفطر کے بعد سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکہ پر دینے کے سسٹم کے خلاف باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع کر دی جائے گی۔ ارشد بٹ اور رحمت سندھو، عزیز جٹ، جاوید بھٹی اور رشید مغل نے کہا کہ ٹھیکہ سسٹم ہسپتالوں کو تباہ کر کے رکھ دے گا۔ہم ملازمین کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ اس میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کو سوچنا چاہیے اور سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکے پر دینے کے فیصلہ پر غور کرنا چاہیے۔ ہم حکومت پنجاب، محکمہ صحت کے حکام اور سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہسپتالوں کے نظام کو ٹھیکہ پر نہ دیا جائے وگرنہ عیدالفطر کے بعد احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4