بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر متعدد شہروں میں مظاہرے، واپڈا دفاتر میں توڑ پھوڑ
لاہور (کامرس رپورٹر)ملک میں جاری بدترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے لوگ سڑکوں پر آ گئے صوبائی دارالحکومت سمیت فیصل آباد اور دیگر کئی شہروں میں مشتعل افراد نے لیسکو ، فیسکواور دیگر ڈسکوز کے دفاتر پر دھاوا بول دیا ۔صوبائی دارالحکومت میں بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف لوگوں نے فیروز والہ سب ڈویژن کے دفتر پر حملہ کر دیا لوگوں نے دفتر میں ٹوڑ پھوڑ کی اورلیسکوکے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔اس طرح ہی فیصل آباد میں بھی لوگوں نے فیسکو کے دفتر پر حملہ کر دیا ۔ لوگوں نے سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا ۔ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مربوط رہنے سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا جس سے بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ۔ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ کر ایک بار پھر 21 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گئی ۔جس سے شارٹ فال بڑھ کرآٹھ ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا ۔گزشتہ روز بھی سحرو افطار سمیت تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ سے طاق راتوں میں شب قدر تلاش کرنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کم وولٹیج کے باعث اے سی اور فریج سمیت دیگر لاکھوں روپے کی الیکٹرونکس اشیاء جل گئیں ۔ گزشتہ روز شہروں میں بارہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں اٹھارہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مجموعی ڈیمانڈ 21270 میگا واٹ جبکہ پیداوار 13120 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 8150 میگا واٹ کا فرق رہا ۔