حکومت غربت نہیں غریب مکاؤ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،اعجاز چودھری
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت غربت مکاؤ کے بجائے غریب مکاؤ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالم حکومت کی طرف سے غریب عوام کو عید کا تحفہ ہوگا ،نا اہل حکمران پٹرولیم مصنعوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے باز رہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب عوام پر کسی خودکش حملے سے کم نہیں ہوگا۔
حکمران قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹ رہے ہیں (ن) لیگ کی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان تباہی کے دہانے پر جا پہنچا ہے ، انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور حکومت میں ہر طرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت آئے روز عوام پر مہنگائی کے بم گر ا رہی ہے رمضان میں پانچ ارب روپے کا پیکیج کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے اور نہ ہی حکومت اور انتظامیہ رمضان میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوئی رمضان پیکیج حکمرانوں کی جیبوں میں چلا گیا ، وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں حاجی امان اللہ اعوان اور رؤف باجوہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو اورپارٹی رہنما چوہدری نو شیر مان کی طرف سے دی گئی افطار پارٹی سے خطا ب کر رہے تھے ،۔