بڑا آدمی بننے کیلئے سچ اور جہد مسلسل کو شعار بنانا ہو گا ، مجیب الرحمن شامی
لاہور(اپنے خبر نگار سے) نظریاتی سمر سکول میں بچوں کو اچھا پاکستانی اور معاشرے کا مفید شہری بننے کی تربیت دی جارہی ہے۔بڑا آدمی بننے کیلئے جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں اور ہمیشہ سچ بولیں ۔آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ اپنے علم و عمل سے پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کااظہار ممتاز صحافی، دانشور اور تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری اپنی نوعیت کے منفرد نظریاتی سمر سکول کے 14ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد اور سیکرٹری شاہد رشید بھی موجود تھے۔نظریاتی سمر سکول کا انعقاد نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ پروگرام کے باقاعدہ آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طالبعلم محمد محمودنے تلاوت کلام پاک اور آمنہ فرید نے ہدیۂ نعت پیش کیا، نظامت کے فرائض فاطمہ جاوید نے انجام دیے۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ مجھے نظریاتی سمر سکول میں آکر بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔یہاں بچوں کو پاکستان ،قیام پاکستان اور اس کے پس منظر بارے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے ،اس کی حفاظت اور ترقی اب آپ کی ذمہ داری ہے ، تعلیم حاصل کریں اور اپنے فرائض ادا کرنے کی بھرپور تیاری کیجیے۔ انہوں نے کہا ہر ملک اپنے رہنے والوں کی وجہ سے ہی آباد ہوتا ہے۔ آپ کے گھر بھی آپ کی وجہ سے ہی آباد ہیں ، کسی گھر کے مکین جتنے اچھے ہوں گے وہ گھر بھی اتنا ہی اچھا ہو گا۔ اگر آپ بیرون ملک جائیں تو لوگ آپ کی عادات و اطوار سے اندازہ لگائیں گے کہ پاکستان میں کس طرح کے لوگ رہتے ہیں۔ اگر آپ وہاں سچ بولیں اور معاملات شفاف انداز سے چلائیں تو پاکستان کا مثبت تاثر ابھرے گا ۔ اس کے برعکس آپ جھوٹ بولیں گے اور پڑھائی کی طرف توجہ نہ دیں تو پاکستان کا منفی تاثر سامنے آئے گا۔جیسے آپ ہوں گے ویسا ہی آپ کا گھر اور ملک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں لازوال قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا۔آزادی بہت بڑی نعمت ہے۔ پاکستان نے ہم کو اپنی شناخت دی ہے اگر ہم سچائی اور دیانت جیسی صفات اپنا لیں تو پاکستان اتنا مضبوط ہو جائے گا کہ کوئی اس کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔ پاکستان عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت اور بہت بڑا ملک ہے اورپاکستانی فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بنگلہ دیش میں ملٹری ایکشن کرنا پڑا جس کے منفی اثرات سامنے آئے اور غلط فہمیوں نے جنم لیا۔ماضی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں اتنا تناؤ نہیں تھا جتنا آج ہے۔حسینہ واجد کے برسراقتدار آنے کے بعد تلخیوں میں اضافہ ہوا یہ وقتی ابھار ہے جو جلد ختم ہو جائے گا۔بعدازاں سوال وجواب کی نشست ہوئی۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے مجیب الرحمن شامی کو پروگرام میں شرکت کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔