جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں میں اضافی سکیورٹی تعینات

جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں میں اضافی سکیورٹی تعینات

 لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس کے 6ہزار سے زائد افسر اور جوان سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے اور اس ضمن میں اراکین اسمبلی کو اپنے حلقہ انتخاب میں آنے والی حساس دینی عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لیے منتظمین کو یہ باور کروانا چاہیے کہ موجودہ صورتحال میں ذرا سی غفلت بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ لہذا پولیس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے افراد کوبھی چوکنا رہتے ہوئے مساجد اور امام بارگاہوں میں آنے والے نمازیوں کو تلاشی کے بعد اندر آنے دینا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد کے لیے تمام دستیاب وسائل برؤے کار لائے جا رہے ہیں اور اب تک ناجائز اسلحہ ، شر انگیز تقاریر اور وال چاکنگ کے علاوہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ اور قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی، مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی اشاعت اور تقسیم کے جرم میں 3ہزار سے ز ائد ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں لاہور کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری،ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا،سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کے علاوہ رکن قومی اسمبلی پرویز احمد ملک اور مہر اشتیاق اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، غزالی سلیم بٹ، چوہدری شہباز، سیف کھوکھر، میاں مرغوب احمد، رانا تجمل، خواتین اراکین اسمبلی سلمہ شاہین، رخسانہ کوکب اور فرزانہ بٹ نے بھی شرکت کی۔سی سی پی او نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کواپنے حلقوں میں آنے والے رمضان بازاروں اور دیگر کاروباری مراکز کی سیکورٹی کے حوالے سے نہ صرف پولیس کو تجاویز دینی چاہیے بلکہ پولیس سے ہر ممکن تعاون بھی کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان بازاروں ، مارکیٹوں اور شاپنگ پلازوں کی سیکورٹی کے لیے 800پولیس اہلکاروں کو سفید کپڑوں میں مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تا کہ رمضان کے آخری عشرے میں شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ملک پرویز نے کہا کہ مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کرنے چاہیے اور اس ضمن میں شمالی لاہو کو بلخصوص فوکس کیا جائے۔ اُنہوں نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز کو مد نظر رکھنے اور ان سے مشاورت پر سی سی پی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال و عزت کے تحفظ کے لیے تمام اراکین اسمبلی پولیس کی ہر کوشش میں ا ن کے ساتھ ہیں۔

مزید : علاقائی