کاروبارپر مبنی اسباق میٹرک نصاب میں شامل، پراجیکٹ ملتان سے شروع کیا جائیگا، رانا مشہود
لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر تعلیم ر انا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب پر مبنی اسباق کومیٹرک تک کے نصاب میں شامل کرنے کرنے کا پائلٹ پراجیکٹ ملتان ڈویژن سے شروع کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلبا و طالبات کے تعلیمی نصاب میں مختلف کاروبار کے بارے میں اسباق شامل کرکے بچوں کو ڈاکٹر یاانجینئر بننے کے علاوہ دیگر کیرئیرز کے بارے میں بھی معلومات مہیا کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن پنجاب اسمبلی خولہ امجد کی قیادت میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ہے۔ وفد میں مسز رضیہ شاہ، صدر ویمن چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری ملتان ڈویژن، مسز معصومہ سبطین اور فلزا ممتاز شامل تھیں۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اگرچہ پیشہ ورانہ تربیت کیلئے ٹیوٹا کی طرز کے متعدد ادارے قائم کر رکھے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم کے دنوں میں ہی ایک کامیاب بزنس مین ، صنعت کاریا تاجر بننے کے حوالے سے ذہن سازی کی جائے ۔ بچوں کو کاروبار کی ترغیب اور اپناروزگار اختیار کرنے کی تعلیم دینا اس لیے بھی ضروری ہے کہ کوئی حکومت بھی اپنے تمام پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دے سکتی۔ چنانچہ روزی کمانے کے مختلف طریقوں کے حوالے سے نوجوان نسل کے دریچے کھولنا اور انہیں ہر آپشن سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے ۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ جو بچے تعلم مکمل کرنے کے بعد نوکری نہ ملنے کی وجہ سے پراگندہ ذہن ہو کر جرائم یا دہشت گردی کی راہوں پر چل نکلتے ہیں ایسی صورت حال سے بچاؤ کیلئے بچوں کو اوائل عمری میں ہی کاروباری ممکنات کے بارے میں آگاہ کرنا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عید کے بعد ملتان جاکر نصاب تعلیم کے اس پائلٹ پراجیکٹ کا خود افتتاح کریں گے۔