کراچی ، بارش سے بجلی کا نظام ٹھپ ، سحروافطار میں شہری پریشانی سے دوچار

کراچی ، بارش سے بجلی کا نظام ٹھپ ، سحروافطار میں شہری پریشانی سے دوچار

کراچی ( اے این این )کراچی میں مون سون کی پہلی بارش سے آٹھ سو سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے پر بجلی کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا، متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے اور شہریوں نے رات سڑکوں پر گزاری ،موسلا دھار بارش کے باعث سعدی ٹاؤن کے قریبی نالے میں طغیانی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کالی گھٹائیں آئیں پھر خوب برسیں ، موسم نے کروٹ لی ۔ شہریوں کے چہرے کھلے مگر زیادہ دیر خوشی سنبھال نہ سکے ۔ شہریوں کیلئے پے در پے مسائل کی برسات ہوگئی ۔ مون سون کی پہلی برسات نے ہر طرف پانی ہی پانی کر دیا ۔ وہیں کئی علاقوں میں بجلی اور پانی غائب ہوگئے ۔ ساون برسا تو جیسے کے الیکٹرک کیلئے امتحان بن گیا ۔ شہر کے 812 فیڈر ٹرپ کرگئے مگر کے الیکٹرک حکام کے دعووں اور غلط بیانی کا سلسلہ جاری رہا ۔ رات بھر گلستان جوہر ، فیڈرل بی ایریا ، ملیر ، لانڈھی ، کورنگی اور بلدیہ سمیت متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے ۔ طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہوگئے ۔ تیس فیصد شہر کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے 26 کروڑ گیلن پانی بھی فراہم نہ ہو سکا ۔ لوگوں کو سحری کی تیاری میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، گھروں میں پینے کیلئے پانی تک نہ رہا ۔ شہر کی 100سالہ تاریخ میں اتنی بڑی تعداد میں کبھی فیڈر ٹرپ نہیں ہوئے ۔ دوسری جانب کراچی میں مون سون کی بارشوں کے بعد سعدی ٹاؤن کے قریبی نالے میں طغیانی کے باعث سعدی گارڈن زیر آب آگیا ۔ کراچی میں بارشوں کے بعد سعدی ٹاؤن سے متصل نالے میں تغیانی کے باعث سعدی گارڈن زیر آب آگیا ۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب کیلئے انتظامات کئے ہیں ۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ بروقت انتظامیہ حرکت میں نہ آئی تو سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ کمشنر کراچی اعجاز خان کا کہنا ہے کہ وہ تو ابھی آئے ہیں، پچھلے دور میں کام نہیں ہوا جبکہ انہیں برساتی نالوں کی صفائی کے لیے چار روز پہلے ہی رقم ملی ہے۔

کراچی ، بارش

لاہور (کامرس رپورٹر)محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کی ۔ آئندہ 24گھنٹوں میں سندھ (سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیرآباد، کراچی ڈویژن)، قلات اور مکران ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب ڈویژن،پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور،بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن)،خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ،پشاور، ڈی آئی خان، مردان ڈویژن)، اسلام آباد، فاٹا اورکشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ آئندہ 48گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا تاہم (شام/رات)مالاکنڈ، ہزارہ، مردان،راولپنڈی، گوجرانوالہ،بہاولپور ڈویژن، فاٹا،کشمیر اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ24گھنٹوں میں ریکارڈکی گئی بارش کراچی ( ائیرپورٹ80،فیصل45،لانڈی40،ناظم آباد،گلستان جوہر38،صدر30،مسرور19،گلشن حدید 17)،میر پورخاص 30 ,حیدرآباد18، چھور04، مٹھی 04، بدین،ٹھٹہ02،لسبیلا16،پنجگور07،ژوب 01، بہاولپور(ائیرپورٹ10)،کالام 05، دیر02،پاراچنار31،کشمیر کوٹلی01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ ریکارڈ کئے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں دادو44، تربت، سبی، نوکنڈی، کوہاٹ،چلاس،کوٹ ادو اور دالبندین میں43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید : صفحہ اول