لائٹ ڈیزل کے سوا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار

لائٹ ڈیزل کے سوا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت نے جولائی کے مہینے میں پٹرولیم کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، پٹرولیم ،ہائی اوکٹین ، ہائی سپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رہیں گی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5.38روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ، اوگرا نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی تھی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قیمتیں برقرار رکھنے سے3ارب روپے کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی جبکہ قیمتوں میں اضافہ وزیراعظم کی ہدایت پر نہیں کیا گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے اسحاق ڈارنے کہا کہ اوگرا کی سفارشات کے بعد وزیراعظم نوازشریف سے رہنمائی حاصل کی ۔ انہوں نے کہاکہ لائٹ ڈیزل عام آدمی کے استعمال میں نہیں آتا اور بہت تھوڑی مقدار میں استعمال ہوتا ہے ۔اس کی قیمت اوگرا کی سفارش پر5.38سے بڑھائی جا رہی ہے اس سے عام آدمی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ حکومت کی جانب سے عوام کیلئے عید پر ریلیف اور تحفہ ہے۔

مزید : صفحہ اول