وزیر اعلی سے چینی صحافیو ں اور قونصل کی ملاقات ،سی پیک ہرصورت مکمل کرینگے: شہباز شریف، پاک چین دوستی میں آپ کا کردار نمایاں ہے: یو بورن

وزیر اعلی سے چینی صحافیو ں اور قونصل کی ملاقات ،سی پیک ہرصورت مکمل کرینگے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے وفدنے ملاقات کی ، وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 95 ویں سالگرہ پر چینی حکومت،قیادت ،عوام اور صحافیوں کو مبارکباد دی اورکہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے ۔کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ او رپاکستان مسلم لیگ (ن) کے مابین تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں ، چین کی عظیم قیادت کے باعث چین نے انتہائی تیز رفتار ترقی کی منازل طے کی ہیں ۔چین کے قونصل جنرل یو بورن نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو مضبوط بنانے میں شہباز شریف نے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔سی پیک کے منصوبوں کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف ذاتی دلچسپی سے آگے بڑھا رہے ہیں ۔پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں پر غیر معمولی رفتار سے کام ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، چین اور پاکستان کی منزل ایک ہے ۔شہبازشریف کاکہناتھاکہ چین کی لیڈر شپ نے اپنے ملک کو ایک ویژن پر عمل کرتے ہوئے ترقی یافتہ اور خوشحال بنایا ہے اوریہی وجہ ہے کہ چین آج دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے۔ چین کی قیادت اور عوام نے انتھک محنت،جدوجہد اور انفرادیت کے ذریعے پوری دنیا میں اپنا غیر معمولی مقام پیدا کیا ہے اورآج کی دنیا چین کے بغیر رہنے کا تصوربھی نہیں کر سکتی۔ چین کے صدرشی جن پنگ(Mr.Xi Jinping) نے’’ون بیلٹ ون روڈ ‘‘کا ویژن دے کر ایک نئی سمت مقرر کی ہے اوریہ ویژن ترقی،خوشحالی،امن،رواداری،برداشت اور بھائی چارے کاویژن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی جدوجہد سے چین نے کامیابی کی داستانیں رقم کی ہیں جو کہ پوری دنیا کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں ۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک چین کی قیادت اور عوام کا پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے اورسی پیک کے تحت پاکستان اور چین میں بے مثال شراکت داری قائم ہوئی ہے جوکہ ہر آنے والے دن نئی سمت طے کرتے ہوئے تیزی سے آگے کی جانب بڑھ رہی ہے ۔ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تاریخ کا دھارا بدل دے گا اورسی پیک سے نہ صرف پاکستان اورچین کی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی بلکہ خطے کی بہت بڑی آبادی مستفید ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج کے تحت ایسے عظیم مواقع پیدا ہوں گے جس سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ چین نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کو 46 ارب ڈالر کا تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج دے کر ایک عظیم احسان کیا ہے ۔پاکستان چین کا یہ احسان عظیم کبھی فراموش نہیں کر سکتا ۔ سی پیک چین کی قیادت اور عوام کے دلوں سے موجزن ہوا ہے اور آج یہ بے مثال پیکیج پاکستان کی قیادت اور عوام کے دلوں کو چھو رہا ہے ۔ سی پیک ہمیشہ کیلئے ہے اور ہمیشہ کیلئے رہے گا۔

شہبازشریف نے کہاکہ سی پیک نے پاکستان میں نئی تاریخ رقم کی ہے اور جب توانائی ، انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبے سی پیک کے تحت مکمل ہوں گے تو دوبارہ نئی تاریخ لکھی جائے گی کیونکہ تاریخ نے اتنی تیزرفتاری سے منصوبوں پرکام ہوتے ہوئے نہیں دیکھا اوریہ شاندار لمحات قوموں کی تاریخ میں محنت ،دیانت،امانت اور جہدمسلسل پر عمل پیرا ہونے سے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں پر انتہائی تیز رفتاری سے کام جاری ہے اورتوانائی کے یہ منصوبے مقررہ مدت سے قبل مکمل ہوں گے ۔ چین میں بھی توانائی کے اتنے بڑے منصوبے اتنی جلدی مکمل نہیں ہوئے جتنی جلدی پاکستان میں ہوں گے۔ لاہور اورنج لائن میٹر و ٹرین کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ میٹروٹرین کا منصوبہ چین کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے اوراس منصوبے کیلئے تمام تر سرمایہ کاری چین نے کی ہے ۔لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے چین نے فنڈز کی دوسری قسط بھی جاری کر دی ہے اور ہم چینی قیادت اور ایگزم بنک آف چائنہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے بعض مسائل کے باوجودفنڈز فراہم کئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے چینی صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت سی پیک کے راستے میں آنے والے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں۔چند مخالف عناصر سی پیک کو حقیقت کا روپ دھارتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے لیکن ان کے عزائم پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکاوٹ عبور کر کے سی پیک کو مکمل کریں گے ۔سی پیک امن ، خوشحالی ، ترقی اور بھائی چارے کا باعث بنے گا۔پاکستان اور چین کی منزل مشترکہ ہے اور اس مشترکہ منزل کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چینی زبان سکھانے کیلئے طلباء و طالبات کا پہلا بیج چین بھجوایا ہے ۔پاکستانی طلباوطالبات کا دوسرا بیج چینی زبان سیکھنے جلد چین جائے گا۔ پاکستان واپس آکر یہ طلبا وطالبات سی پیک کے بہت بڑے سپورٹرز بنیں گے ۔

چین کے قونصل جنرل یو بورن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف چین کے انتہائی مخلص اور دیرینہ دوست ہیں ,پاکستان اور چین کی دوستی کو مضبوط بنانے میں شہباز شریف نے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔سی پیک کے منصوبوں کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف ذاتی دلچسپی سے آگے بڑھا رہے ہیں ۔پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں پر غیر معمولی رفتار سے کام ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ چین اور پاکستان کی منزل ایک ہے ۔چینی صحافیوں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت یابی پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی۔

چین کے قونصل جنرل یو بورن ، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری ، وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب خالد شاہین بٹ، انسپکٹر جنرل پولیس ، مینجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پاکستان کے معروف اینکرز ، کالم نگار ، صحافی اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبہ بھر میں جمعۃالوداع کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعۃالوداع کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے اور مساجد ، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزیدہدایت کی کہ سینئر افسران اس ضمن میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات کو خود مانیٹر کریں اور فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں چائنہ ایروسپیس کنسٹرکشن کارپوریشن (China Aerospace Construction Corporation) کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی کمپنی نے ہاؤسنگ، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کی نئی جہتیں فروغ پا رہی ہیں۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پیدا کئے ہیں اور چین کی متعدد کمپنیاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا رخ کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی کمپنی کی جانب سے ہاؤسنگ، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں میں تعاون کا بھرپور خیرمقدم کریں گے۔چین کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پرسہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہپنجاب حکومت نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی کیلئے ایک بہت بڑا پروگرام شروع کیا ہے۔اربوں روپے کے اس پروگرام کے تحت دیہات میں بسنے والے کروڑوں افراد کو 2 برس میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔پنجاب حکومت سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے بھی ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ملاقات میں چینی کمپنی کے نائب صدر ڈاکٹر لی نائی ہانگ (Dr. Li Naihong) نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہاؤسنگ، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ وفد کی قیادت چائنہ ایروسپیس کنسٹرکشن کارپوریشن کے نائب صدر ڈاکٹر لی نائی ہانگ کر رہے تھے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، ایم پی اے چوہدری شہبازاحمد، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -