ادارہ دارالسلام کے بانی کرنل سلامت اللہ مرحوم

ادارہ دارالسلام کے بانی کرنل سلامت اللہ مرحوم
 ادارہ دارالسلام کے بانی کرنل سلامت اللہ مرحوم

  

زندہ قومیں ہمیشہ اپنے مشاہیر کو یاد رکھتی ہیں اُن کے نقشِ پا آنے والی نسلوں کے لیے منزل کی نشان دہی کرتے ہیں۔ کرنل ڈاکٹر سلامت اللہ مرحوم کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہے۔آپ کی 38 ویں برسی یکم جولائی 2016ء کو منائی جا رہی ہے۔ دارالسلام لائبریری،دارالسلام مسجد اور گلشن ریسٹورنٹ ہمیشہ الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم کی یاد تازہ کرتے رہیں گے۔ مسجد دارالسلام 1961ء میں تعمیر ہوئی اور 1966ء میں دارالسلام لائبریری قائم کی گئی۔ آپ ایک مخلص علم دوست انسان تھے۔ مساجد، کتب خانے اور علمی مجالس سے انہیں گہری دلچسپی تھی۔

باغ جناح لاہو رکے خوشگوار ماحول میں واقع دارالسلام کتب خانہ آپ کے علمی ذوق کی اعلیٰ مثال ہے۔ یہ کتب خانہ ہمارے تاریخی ورثے اور درخشاں روایات کی عکاسی کرتا ہے۔ آپ نے اس کتب خانے کو مروجہ علوم و فنون کی ترسیل کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب اور اخلاقی روایات کی آبیاری کا ذریعہ بھی بنایا۔ اللہ تعالی نے آپ کو علم و شرافت سے نوازا تھا۔

آپ ایک عظیم انسان تھے اور اعلیٰ پایہ کے منتظم بھی آپ نے اپنے خونِ جگر سے اس ننھے منھے علمی پودے کی آبیاری کی۔ لائبریری کے قیام سے قبل آپ میڈیکل اور انجنیئرنگ کے غریب طلبہ کو اپنی جیب سے قرضِ حسنہ کے طور پر وظائف دیتے تھے۔

نومبر 1969ء میں لائبریری کی توسیع کی گئی۔ 1971ء میں بالائی منزل تعمیر ہوئی۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر 1993-94میں ایک نئے ہال کا اضافہ کیا گیا۔ لائبریری اور مسجد دارالسلام کا انتظام چلانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل (PHA) کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ خوبصورت پرسکون ماحول، معیاری کتب، اوقات کار بشمول اتوار صبح 8 بجے تا 9 بجے شب کُھلے رہنا اِس کتب خانے کی امتیازی خصوصیات ہیں۔

اس وقت لائبریری میں 48,000 کتب موجود ہیں۔ 80 سے زائد رسائل انگریزی اور مشرقی زبانوں میں مطالعہ کے لیے دستیاب ہیں۔ تقریبا تمام مقامی اخبارات، ہفت روزہ اور پندرواڑھے قارئین کے استفادہ کے لیے مہیا کیے جاتے ہیں۔ 22 ہزار معیاری کتب پر مشتمل ڈیجیٹل لائبریری اس کتب خانے کی زینت ہے۔ لائبریری مکمل طور پر ائیرکنڈیشنڈ ہے اِس میں 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

لائبریری میں انٹرنیٹ، پرنٹر، فوٹوکاپی کی سہولت موجود ہے۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر لائبریری کی توسیع کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کتب خانے کی مکمل آٹومیشن کے لیے پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن کے تعاون سے جدید کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے۔ لائبریری کی کتب اور دیگر علمی مواد کی کمپیوٹرائزیشن کا کام جاری ہے۔ قارئین کی عادات مطالعہ اور علمی ذوق کی آبیاری کے لیے علمی و ادبی مجالس کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ اب ادارہ دارالسلام کے معاملات اُن کے صاحبزادے سلیم شہریار سلامت خوش اسلوبی سے چلا رہے ہیں۔

(مضمون نگار دارالسّلام لائبریری، باغ جناح لاہور میں لائبریرین ہیں)

مزید :

کالم -