کراچی، گلوکار و اداکار ندیم جعفری قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

کراچی، گلوکار و اداکار ندیم جعفری قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

کراچی( آن لائن )گلوکار اور ٹی وی آرٹسٹ ندیم جعفری کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ٹی وی آرٹسٹ ندیم جعفری کی گاڑی پر فائرنگ کردی تاہم وہ محفوظ رہے جب کہ ملزمان موبائل فونز، نقدی، کیش اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔ ندیم جعفری کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ گھر سے نکلے تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کے زور پر ان کی گاڑی کو روکا اور خدشہ تھا کہ وہ انہیں قتل کرنے آئے ہیں تاہم ملزمان نے نقدی، موبائل فونز کا تقاضا کیا اس موقع پر ان کے دوستوں اور ملزمان کی تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ملزمان نقدی،موبائل فونز اور 40 سے 50 لاکھ روپے کے چیک لے کر فرار ہوگئے اور جاتے ہوئے گاڑی پر فائرنگ بھی کی جس کے جواب میں ان کے دوستوں کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دوسری جانب گلوکار فخرعالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ندیم جعفری پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ندیم جعفری اب اپنے گھر میں بخیریت موجود ہیں جب کہ گلشن پولیس اسٹیشن میں واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کرادی گئی ہے۔

مزید : ملتان صفحہ اول