عمران خان کی بہن سے بدتمیزی کی کہانی نیا رخ اختیار کر گئی: صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب کے پروٹوکول نے بدسلوکی کی ,ذرائع
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں ظہور الہی روڈ پر عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کے ساتھ بدتمیزی کے معاملے نے ایک بار پھر نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ پہلے کہا گیا کہ پروٹوکول مریم نواز کا تھا ۔ بعد میں میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئیں کہ ان سے بدتمیزی سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کے پروٹوکول نے کی ۔ اب فریال تالپور نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تو لاہور گئی ہی نہیں۔ میں صبح سے اسلام آباد میں ہوں۔ جیو نیوز کے مطابق لاہور پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گلبرگ میں ظہور الہی روڈ پر صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب کا پروٹوکول تھا۔وہ پیپلز پارٹی کے رہنما عاصم گجر سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کیلئے آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی بہن سے بدتمیزی صدر آزاد کشمیر کے پروٹوکو ل میں شامل گارڈز نے کی۔یہ سکواڈ ممکنہ طورپر صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب کیساتھ تھاجس کی پولیس نے بھی تصدیق کردی ۔لاہور پولیس کے حکام نے کہا ہے کہ سکواڈ میں فریال تالپور کی موجودگی کا علم نہیں۔
اس سے پہلے بیہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ فریال تالپور گلبرگ میں ظہور الہی روڈ پر پارٹی کے ایک رہنما اور آصف زرداری کے دوست بلاول ہاؤس لاہور کے مینجر چودھری عاصم گجر کے گھر تعزیت کیلئے آئی تھیں جہاں ان کے گارڈز نے عمران خان کی بہن سے بدتمیزی کی جس کے بعد عمران خان کی بہن کی طرف سے پوچھے جانے پر وہاں موجود افراد نے مریم نواز کا نام لے لیا جس کے بعد مریم نواز کا نام لیا جانے لگا لیکن مریم نوازاس وقت اسلام آباد میں موجود تھیں ۔
نجی ٹی وی ’’ دنیا نیوز ‘‘کے مطابق چوہدری عاصم نے واقعہ کا علم ہونے پرباہر آکر عمران خان کی بہن سے افسوس بھی کیا اور ان کو گھر میں لے گئے جہاں ان کے گھر والوں نے ان سے ایک بار پھر اظہار ہمدردی کیا۔