پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان وسیع تجارت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،نائلہ چوہان
لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، مربوط حکمت عملی کے ذریعے دونوں ممالک کی پوٹینشل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آسٹریلیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر نائلہ چوہان نے لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط سے کینبرا میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیاکہ آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن تجارتی معلومات کے تبادلے اور مشترکہ منصوبہ سازی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، پاکستان کے نجی شعبہ کو باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے باہمی تجارت بڑھانے کے لیے لاہور چیمبر کے اقدامات کی تعریف کی۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کو پاکستانی مصنوعات کے لیے ڈسپلے سنٹرز اور کلچرل سنٹرز قائم کرنے چاہئیں جس سے پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاور جنریشن، زراعت، لائیوسٹاک، کھیلوں کا سامان، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن وہ شعبے ہیں جن میں پاکستانی تاجر آسٹریلوی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں اطراف کو تجارتی مواقعوں کے بارے میں معلومات حاصل ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کوئلے کے ذخائر رکھنے والا چوتھا بڑا ملک ہے جس کی وجہ سے توانائی کی پیداوار کے شعبے میں آسٹریلوی تاجروں کے لیے بہت پوٹینشل موجودہے ۔ اس کے علاوہ ایگری بزنس، تعلیم، آئل اینڈ گیس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمیونیکیشن اور پراسیسڈ فوڈ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جن سے آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔
، حکومت کو چاہیے کہ ترجیحی بنیادوں پر توانائی کے بحران کا مسئلہ حل کرے اور طویل المدت معاشی و اقتصادی پالیسیاں بنائی جائیں ۔