نوجوانوں میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کا فروغ خوش آئند ہے ،گورنر سندھ

نوجوانوں میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کا فروغ خوش آئند ہے ،گورنر سندھ

  



کراچی(آن لائن)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کا فروغ خوش آئند ہے ، پاکستان نے دنیا بھر میں کرکٹ ، ہاکی ، اسنوکر ،اسکواش سمیت دیگر کھیلوں میں زبردست کامیابی حاصل کی ہیں لیکن 60 کی دہائی کے بعد سے فٹبال کے کھیل میں اہم کا میابی حاصل نہ ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے فٹبال کے کھیل کی جانب راغب ہونے سے اعلیٰ معیا ر کی ٹیم کی تشکیل یقینی ہے اس ضمن میں انڈر 18 فٹبال ٹیم کی جرمنی میں تربیت اہم ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں میجر جنرل (ر)شوکت اقبال کی قیادت میں جرمنی کے لئے منتخب ہونے والی انڈر 18 فٹبال ٹیم اور جرمنی مطالعہ کے لئے جانے والے طالب علموں سے ملاقات میں کیا ۔

پاکستانی انڈر 18 فٹبال ٹیم جرمنی میں دو ہفتہ قیام کے دوران سمر کیمپ جوائن کرے گی، پاکستانی ٹیم مقامی ٹیموں کے ساتھ دوستانہ میچز اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز سے تربیت بھی حاصل کرے گی ۔گورنر سندھ نے کہا کہ جرمنی کا شہر برلن ایک تاریخی شہر ہے جہاں جرمنی کی تقسیم اور دوبارہ یکجا ہونے کی تاریخ لکھی گئی ہے ، اس شہر میں کئی تاریخی مقامات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فٹبال دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کھیل ہے جو اپنی مقبولیت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے ، پاکستان میں بھی اس کھیل کو بے حد پسند کیا جا تا ہے ، پاکستانی اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم نے بھی حال ہی میں اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک کوالیفائی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان با صلاحیت ہیں ضرورت ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ہے ، جرمنی میں عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی تربیت سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔اس موقع پر کھلاڑیوں کا گورنر سندھ سے تعارف بھی کرایا گیا ۔ میجر جنرل (ر) شوکت اقبال نے گورنر سندھ کو بتایا کہ فٹبال انڈر 18 ٹیم بہت با صلاحیت ہے ، بچوں کے ٹیلنٹ کو مزید اجاگر کرنے کے لئے جرمنی میں تربیت کے لئے بھیجا جارہا ہے جہاں ٹیم مقامی ٹیموں کے ساتھ دوستانہ میچز بھی کھیلے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فٹبال کے کھیلوں کے فروغ سے اچھے معیار کے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں جن سے عالمی معیار کی فٹبال ٹیم کی تشکیل میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ طالب علم جرمنی کی جامعات اور تاریخی مقامات سے بہت کچھ سیکھیں گے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...