اربوں کا پیکج بے کار گیا ، گیسٹر و کا بدترین حملہ ، ہسپتال مریضوں سے بھر گیا

اربوں کا پیکج بے کار گیا ، گیسٹر و کا بدترین حملہ ، ہسپتال مریضوں سے بھر گیا

  



لاہور( جاوید اقبال) عید العفطر گزرتے ہی صوبائی دارالحکومت کو گیسٹرو کے مرض نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ، ہسپتالوں کی ایمرجنسیاں مریضوں سے بھر گئی ہیں، ایک ایک بیڈ پر کئی کئی مریض پڑے ہیں، 24 گھنٹوں میں ایمرجنسی وارڈوں میں اسی سے پچاسی فیصد مریض گیسٹرو کے ہیں، زیادہ تر مریض شمالی لاہور اندرون شہر، شاہدرہ ،چونگی امرسدھو کے علاقوں سے آ رہے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ گیسٹرو کے حالیہ حملے نے گیسٹرو کے دس سالہ منصوبے کی قلعی کھول دی ہے اس منصوبے کے تحت اربوں روپے کا گیسٹرو پیکج جاری کیا گیا تھا اس پیکج کے تحت 2017میں گیسٹرو فری لاہور سامنے آنا تھا اس منصوبے کے تحت پانی اور سیوریج کی بوسیدہ لائینیں تبدیل کی جانی تھیں فلٹریشن پلانٹ کا منصوبہ مکمل کیا جانا تھا اس منصوبے پر اربوں روپے تو لگا دیے گئے لیکن پھر بھی گیسٹرو کے مرض نے لاہور کا پیچھا نہیں چھوڑا ہر تیسرے گھر میں گیسٹرو کے مریض سامنے آرہے ہیں جس کی بنیادی وجہ آلودہ پانی باسی اور غیر معیاری کھانے بتائے جارہے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر کے ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے ایمرجنسی یونٹوں میں اٹھارہ ہزار سے زائد گیسٹرو کے مریض آئے رپورٹ کے مطابق میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2898 مریض داخل ہوئے جن میں اسی فیصد مریضوں کا تعلق گیسٹرو سے تھا اسی طرح دوسرے نمبر پر سروسز ہسپتال آتاہے جہاں پر 24 گھنٹوں میں 2270مریض داخل ہوئے جن میں سے پچاسی فیصد گیسٹرو میں مبتلا ہو کر آئے جناح ہسپتال میں 2492مریض چوبیس گھنٹوں میں آئے جن میں 79فیصد گیسٹرو میں مبتلا ہو کر داخل ہوئے گنگا رام ہسپتال میں 1891مریض ایمرجنسی میں آئے جن میں سے 82فیصد گیسٹرو میں مبتلا تھے چلڈرن ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی بھی گیسٹرو کے مریض بچوں سے بھر گئی ہے جہاں پر چوبیس گھنٹوں میں 2200بچے آئے جن میں سے ستر فیصد کا تعلق اسہال کی بیماری سے تھا اسی طرح اب لاہور جنرل ہسپتال‘ سید میٹھا ہسپتال کوٹ خواجہ سعید ہسپتال ،یکی گیٹ ہسپتال نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال میاں منشی ‘ میاں میر اور گورنمنٹ ہسپتال غازی آباد میں بھی کچھ ایسے ہی حالات تھے اس حوالے سے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ گیسٹرو کے مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات کیلئے ہر ایمرجنسی میں گیسٹرو کیمپ قائم کیا جارہا ہے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ پانی کو ابال کے پیا کریں گلے سڑے فروٹ اور سبزیاں کھانے سے پرہیز کریں فریج میں بارہ گھنٹے سے زیادہ کھانا فریز نہ کریں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...